QR CodeQR Code

سی پیک منصوبوں سے متعلق اعتماد میں نہ لیا گیا تو سخت لائحہ عمل طے کرینگے، سردار اختر مینگل

9 Oct 2018 11:48

وڈھ میں عوامی جلسہ عام سے خطاب میں چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں، مگر ہمیں ترقی وخوشحالی نہیں چاہیئے جسکے نام پر ہمیں اقلیت میں تبدیل کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق پر کسی صورت سودا بازی نہیں کرینگے۔ سی پیک سے گوادر سمیت دیگر منصوبوں پر اعتماد میں نہ لیا گیا تو ہم سخت لائحہ عمل طے کرینگے۔ بلوچستان کے عوام نے جس طرح ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے عوام کی امنگوں کے مطابق ہم فیصلے کرینگے۔ 14 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لئے کارکن دن رات محنت کریں۔ ضمنی انتخابات میں کسی نے بھی مداخلت یا زبردستی کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج اچھے برآمد نہیں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈھ میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام مل کر بلوچستان کے حقوق کا دفاع کرینگے۔ ہمارے درمیان اتحاد و اتفاق ہے اور اس اتحاد و اتفاق کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں، مگر وہ ترقی و خوشحالی نہیں چاہیئے جس کے نام پر ہمیں اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کے عوام کی حقوق اور یہاں کے ساحل و وسائل کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ہم وزارتیں نہیں لیتے، کیونکہ ہم وزارتوں کے شوقین نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے کا شوق ہے۔ تحریک انصاف نے ہمارے ساتھ وعدے پورے نہیں کئے تو ہمیں الگ راستے کا طریقہ آتا ہے۔ بلوچستان کے حقوق پر کسی صورت سودا بازی نہیں کرینگے۔ سی پیک سے گوادر سمیت دیگر منصوبوں پر اعتماد میں نہ لیا گیا تو ہم سخت لائحہ عمل طے کرینگے۔ بلوچستان کے عوام نے جس طرح ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، عوام کے امنگوں کے مطابق ہم فیصلے کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 754821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754821/سی-پیک-منصوبوں-سے-متعلق-اعتماد-میں-نہ-لیا-گیا-سخت-لائحہ-عمل-طے-کرینگے-سردار-اختر-مینگل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org