QR CodeQR Code

صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنیکی تیاری مکمل کرلی

9 Oct 2018 12:24

اگلے 2 مہینوں میں 6 قبائلی اضلاع میں 3 لاکھ سے زائد خاندانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جائینگے۔ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کیلئے ہونیوالے سروے میں رجسٹرڈ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز دیئے جائینگے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کیلئے تیاری مکمل کرلی ہے۔ اگلے 2 مہینوں میں 6 قبائلی اضلاع میں 3 لاکھ سے زائد خاندانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کیلئے ہونے والے سروے میں رجسٹرڈ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز دیئے جائیں گے۔ معلومات کے مطابق ہیلتھ کارڈز کے ذریعے کوئی خاندان کئی قسم کی بیماریوں کا 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک علاج کی سہولت موجود ہوگی۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے محکمہ صحت میں ہیلتھ کارڈز کے تقسیم سے متعلق ڈائریکٹریٹ قائم کر دی گئی ہے۔ شمالی وزیرستان میں خراب حالات کی وجہ سے بی آئی ایس پی سروے نہ کرائے جانے پر کسی کو ہیلتھ کارڈز نہیں ملے گا۔ صحت انصاف کارڈ کے صوبائی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ریاض تنولی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے قبائلی اضلاع میں ممکنہ طور پر اکتوبر کے آخر یا نومبر سے 6 قبائلی اضلاع میں ہیلتھ کارڈز کے تقسیم کا آغاز کیا جائے گا۔

6 قبائلی اضلاع میں کل 3 لاکھ 1 ہزار 932 ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جائیں گے جس کیلئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ہیلتھ کارڈز کے ذریعے کوئی مریض صوبے بھر میں 80 سرکاری و نجی ہسپتالوں میں علاج کرا سکتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ میں 1 لاکھ 28 ہزار 268 خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز دیئے جائیں گے۔ اسی طرح ضلع خیبر میں 70 ہزار، ضلع کرم میں 46 ہزار 76، ضلع مہمند میں 44 ہزار 580، ضلع اورکزئی میں 12 ہزار 480 جبکہ ضلع جنوبی وزیرستان میں صرف 41 خاندانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم ہونگے، جبکہ ضلع شمالی وزیرستان میں خراب حالات کی وجہ سے بینظیر انکم سپورٹ سروے نہیں ہوا تھا، جس کی وجہ سے مذکورہ ضلع میں کارڈز تقسیم نہیں ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 754831

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/754831/صوبائی-حکومت-نے-قبائلی-اضلاع-میں-ہیلتھ-کارڈز-تقسیم-کرنیکی-تیاری-مکمل-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org