0
Wednesday 10 Oct 2018 10:26

چین بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کریگا، میر عبدالقدوس بزنجو

چین بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کریگا، میر عبدالقدوس بزنجو
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو سے گذشتہ روز پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ کی قیادت میں ایک وفد نے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سی پیک منصوبوں و دیگر شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے چینی وفد کے دورہ بلوچستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے دیرینہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہمیں پاک چین دوستی پر فخر ہے۔ امید ہے کہ چین پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار اد ا کرے گا۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس علاقے کی ترقی کیلئے سی پیک کے تحت بین الاقوامی معیار کی شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ یہاں کے مقامی لوگوں کو سی پیک کے فوائد براہ راست ملنے چاہئیں۔

اس موقع پر چینی سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے کہا کہ چین بلوچستان میں دیرپا معاشی استحکام چاہتا ہے۔ چین زراعت، آبپاشی، معدنیات، فروٹ پراسیسنگ اور صنعتی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے اور یہاں کے کاشتکاروں کو زراعت اور آبپاشی کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اسکے علاوہ بلوچستان میں سوشیو اکنامک سیکٹرز کے قیام کا بھی خواہاں ہے، جس کیلئے بلوچستان حکومت کا تعاون درکار ہے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے چینی سفیر کو سرمایہ کاری اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام سی پیک کو ہر طرح سے کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 754998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش