0
Wednesday 10 Oct 2018 19:34

بے مثال احتجاجی ہڑتال کے ذریعے الیکشن مسترد کردیا گیا ہے، مشترکہ مزاحمتی قیادت

بے مثال احتجاجی ہڑتال کے ذریعے الیکشن مسترد کردیا گیا ہے، مشترکہ مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے دوران خانہ و تھانہ نظربندی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات سے لاتعلق رہ کر اور بے مثال احتجاجی ہڑتال کے ذریعے اسے مسترد کردیا ہے۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی سرینگر شہر میئر بنانے کے حوالے سے اعلان، انتخابات کو صبح چھے بجے سے منعقد کرانا، فوجی جماؤ میں مزید تقویت اور انٹرنیٹ پر پابندی اور حریت پسند نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں نے ان نام نہاد انتخابات کی حقیقت عوام کے سامنے کھول کر رکھ دی ہے۔

مزاحمتی قائدین نے کہا کہ درحقیقت ان انتخابات کا مقصد یہاں کی سنگین، سیاسی اور زمینی صورتحال کو توڑ مروڑ کے دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ اس بات کا تصور دیا جائے کہ کشمیر میں ہندوستان کی نام نہاد جمہوریت کام کررہی ہے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے مستقل حل میں مزید رکاوٹیں لائی جائیں۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ حکومت ہندوستان ہر وہ حربہ استعمال کررہی ہے جس کے ذریعہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور ہیئت کو تبدیل کیا جائے یا اس کو زک پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر ایک دیرینہ متنازعہ مسئلہ ہے اور یہ تب تک رہے گا جب تک کہ اس تنازعہ کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق حل نہیں کیا جاتا۔
خبر کا کوڈ : 755120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش