QR CodeQR Code

شہباز شریف کی گرفتاری قابل افسوس ہے، الزام پر گرفتاری نامناسب ہے، غلام بلور

10 Oct 2018 20:04

بلور ہاؤس میں پریس کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف مردم شناس تھے، عمران خان کی 50 سیٹوں کی بات نہیں مانی، مشرف نے عمران خان کو صرف پی سی بی کی چیئرمین کی آفر کی تھی اور عمران خان اسی قابل تھے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ امید ہے کہ آنے والے ضمنی الیکشن میں عام انتخابات کا عمل نہیں دہرایا جائے گا۔ پشاور کے بلور ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں غلام بلور کا کہنا تھا کہ امید ہے ضمنی الیکشن میں عام انتخابات والا کام نہیں دہرایا جائے گا۔ شہباز شریف کی گرفتاری قابل افسوس ہے، الزام پر گرفتاری نامناسب ہے، یہ جمہوری رویہ نہیں ہے، انہیں انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، تحقیقات کریں، مجرم ثابت ہو تو سزا دیں ورنہ رہا کریں۔ غلام بلور کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے پاکستان کو قرضہ دینے سے انکار کیا ہے، حکومت صرف چور پکڑنے میں مصروف ہے، چور ضرور پکڑیں لیکن مہنگائی نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف مردم شناس تھے، عمران خان کی 50 سیٹوں کی بات نہیں مانی، مشرف نے عمران خان کو صرف پی سی بی کی چیئرمین کی آفر کی تھی اور عمران خان اسی قابل تھے۔ اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن عملی اقدام کچھ نہیں، بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول نہیں کرسکی، عوام رونے پر مجبور ہے، کرکٹ اور سیاست میں بہت فرق ہے، نواز شریف کا توڑا کشکول عمران خان اٹھا کر آئی ایم ایف کے پاس جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 755131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/755131/شہباز-شریف-کی-گرفتاری-قابل-افسوس-ہے-الزام-پر-نامناسب-غلام-بلور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org