0
Thursday 11 Oct 2018 10:56

کوئٹہ ماسٹر پلان کی تیاری کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، جام کمال

کوئٹہ ماسٹر پلان کی تیاری کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اگر تمام محکمے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کریں تو نہ صرف فنڈز کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے، بلکہ تعمیراتی منصوبے بھی بروقت مکمل ہو سکتے ہیں۔ ماضی میں محکموں کو حاصل مینڈیٹ سے تجاوز کرتے ہوئے انہیں ترقیاتی منصوبے بنانے کا کام سونپا گیا، جس کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ انہوں نے اب تک جتنے محکموں کی بریفنگ لی ہے، انہیں ان میں منصوبہ بندی اور سنجیدگی کا فقدان نظر آیا ہے اور بعض ترقیاتی محکمے اپنی پالیسی اور مینڈیٹ سے تجاوز کرکے دیگر محکموں کا کام کرتے نظر آئے ہیں۔ آج تک کوئٹہ ماسٹر پلان کی تیاری کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت گوناگوں مسائل کا شکار ہے۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹروں کے ماسٹر پلان بھی کمزور بنیادوں پر تیار کئے گئے اور ان کی تیاری پر فنڈز کا ضیاع ہوا۔ کوئٹہ ماسٹر پلان کی فائل گذشتہ چار سال سے پی اینڈ ڈی میں کارروائی کی منتظر ہے۔ آج کے جدید دور میں شہروں کی ترقی کے ماسٹر پلان ٹیکنالوجی کے استعمال سے بنائے جاتے ہیں، لیکن ہم ابھی تک فرسودہ طریقہ کار کو اپنائے ہوئے ہیں۔ ماضی میں مجاز فورم کی منظوری کے بغیر نہ صرف منصوبوں کے ٹینڈر جاری ہوئے، بلکہ ان پر فنڈز بھی خرچ کر دیئے گئے۔

وزیراعلٰی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کوئٹہ کے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کا ٹینڈر جاری کیا جائے اور محکمہ اربن پلاننگ میں ٹاؤن پلانرز کی آسامیاں پیدا کی جائیں کیونکہ ہمیں اربن پلاننگ کے ماہرین کی ضرورت ہے۔ محکمہ اربن پلاننگ اپنے مینڈیٹ کے مطابق صرف ٹاؤن پلاننگ کریں اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور اضلاع کی ترقی کے ماسٹر پلان بھی بنائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ اربن پلاننگ کو ڈویژن کی سطح تک وسعت دینے کی ہدایت بھی کی۔ سرکاری شعبہ میں عمارتیں اور پارک تو بنا دیئے جاتے ہیں، لیکن ہم اپنے ان اثاثہ جات کی حفاظت نہیں کرتے اور کچھ عرصہ بعد ہی یہ زبوں حالی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا آئندہ تعمیر ہونے والی عمارتوں اور پارکوں کی حفاظت اور ان کی تزئین وآرائش کی ذمہ داری بھی متعلقہ محکموں کی ہوگی۔ وزیراعلٰی نے اے سی ایس کو محکمہ اربن پلاننگ کے امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت اور ادارے کے امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈی جی کیو ڈی اے فاروق لانگو نے بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 755203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش