0
Thursday 11 Oct 2018 11:57

فیصل رضا عابدی کی درخواست انسداد دہشتگردی عدالت میں مسترد، 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

فیصل رضا عابدی کی درخواست انسداد دہشتگردی عدالت میں مسترد، 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات نکالنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ فیصل رضا عابدی کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا گیا، سابق سینیٹر کو ہتھکڑیاں پہنا کر عدالت لایا گیا۔ مختصر سماعت کے بعد عدالت نے فیصل رضا عابدی کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی تھی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی  کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور چیف جسٹس کو سرعام دھکمیاں دی جارہی ہیں، عدلیہ کو تھریٹ کرنے کا رویہ درست نہیں ہے۔ سزا ایک میں ہی ہو گی تین میں نہیں۔

جسٹس محسن کیانی نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے عدالت کی توہین کی ہے؟، فیصل رضا کے وکیل نے کہا کہ نہیں توہین نہیں کی، سخت الفاظ کہے تھے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے جس کا جی چاہتا ہے عدلیہ پر کیچڑ اچھالتا ہے، عدلیہ اور چیف جسٹس کو سرعام دھمکیاں دی جا رہی ہیں، عدلیہ کو دھمکانے کا رویہ درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیشی کے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے بیان پر ازخود نوٹس لیا تھا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل رضا عابدی نے کہا کہ انہوں نے حق سچ کی آواز بلند کی ہے جسے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہیں ہتھکڑیاں اس لئے پہنائی گئی ہیں کیوںکہ وہ سچ بولتے تھے۔  یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل رضا عابدی کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 755232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش