0
Thursday 11 Oct 2018 21:38

اگر نئے پاکستان کا مطلب عوام کو مصائب میں مبتلا کرنا ہے تو اس سے پرانا پاکستان بہتر تھا، آفاق احمد

اگر نئے پاکستان کا مطلب عوام کو مصائب میں مبتلا کرنا ہے تو اس سے پرانا پاکستان بہتر تھا، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے وزیراعظم کی جانب سے کچی آبادیوں کو ریگولائز کرنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مارٹن کوارٹر، جمشید روڈ سمیت دیگر علاقوں میں قیام پاکستان کے وقت سے آباد لوگوں سے انکی چھت چھیننے والوں کے منہ سے کچی آبادیاں ریگولائز کرنے کا بیان زیب نہیں دیتا، وفاقی حکومت کو اگر عوام کا اتنا ہی احساس ہے تو پہلے انہیں ان آبادیوں کو ان کے مالکانہ حقوق واپس دینا اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو غنڈہ گردی سے روکنا ہوگا، اس کے بعد ہی ان کے کسی بیان کو سنجیدگی سے لیا جاسکتا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر ایف سی ایریا سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں کراچی کو شامل نہ کرنا، قدیم مکینوں سے ان کے گھر خالی کرانا اور شہر میں باہر سے لاکر بسائے گئے لوگوں کی کچی آبادیوں کو ریگولائز کرنے کے اعلانات کراچی کے خلاف سازش ہے، جس کا مقصد شہر میں بسنے والے مہاجروں کے وسائل پر قبضہ کرنا اور باہر سے لائے گئے لوگوں کو کراچی کی ملکیت میں شریک کرنا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر روزانہ نت نئے عذاب عوام پر مسلط کئے جارہے ہیں، جن لوگوں کو بابائے قوم نے بسایا انکی چار دیواری چھیننا، ڈالر کی اونچی اڑان، سی این جی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اس تبدیلی کی سوغات ہیں جسے زبردستی مسلط کیا گیا ہے، اگر نئے پاکستان کا مطلب عوام کو بے گھر کرنا اور انکے منہ سے روٹی کا نوالا چھیننا ہے تو اس سے پرانا پاکستان لاکھ درجے بہتر تھا۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جسے گذشتہ دو ماہ کے اقدامات سے نقصان پہنچا ہے، جب صنعتوں کو گیس اور ٹرانسپورٹ کو سی این جی میں ہی ریلیف نہیں ملے گا تو لامحالہ معاشی سرگرمیاں دم توڑیں گی جو پورے ملک کیلئے نقصان کا سبب بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے تو انہیں معاشی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنا ہوگا، اس کے علاوہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو لگام ڈالنی پڑے گی تاکہ مارٹن کوارٹر، جمشید روڈ، ایف سی ایریا اور پٹیل پاڑہ کے قدیم مکینوں کے سروں سے بےدخلی کی لٹکتی تلوار ہٹ سکے۔
خبر کا کوڈ : 755335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش