0
Friday 12 Oct 2018 22:27

عمران خان سے مولانا سمیع الحق کی ملاقات، وزیر اعظم کی مدارس پر قدغن نہ لگانے کی یقین دہانی

عمران خان سے مولانا سمیع الحق کی ملاقات، وزیر اعظم کی مدارس پر قدغن نہ لگانے کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت دینی مدارس کے مسائل سے آگاہ ہے، مدارس پر قدغن لگانے والا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے، مدارس کو یونیورسٹیز اور کالجز کے برابر مقام دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ بات جمعیت علما اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق سے ملاقات کے دوران کہی، یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں ملکی مسائل، مدارس اصلاحات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم اور مولانا سمیع الحق کی ملاقات کے بعد جے یو آئی (س) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے مولانا سمیع الحق کو اہم مسائل پر یقین دہانیاں بھی کرائیں۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ہوتے ہوئے کوئی آئینی ترمیم اور ناموس رسالت ایکٹ میں ردوبدل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ ملاقات میں مولانا سمیع الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت افغان اور بنگالی مہاجرین کو جلد پاکستانی شہریت دے جس پر وزیر اعظم نے افغان سرحد پر آمدورفت اور ماہانہ ویزہ کی تجدید سے متعلق اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ جے یو آئی (س) کے ترجمان کے مطابق 2 گھنٹے کی اس ملاقات میں اہم دینی اورملکی مسائل زیربحث آئے اور مولانا سمیع الحق نے وزیراعظم کو اپنی جماعت اور دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے موقف سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹ میں توہین رسالت ایکٹ میں ترمیم کے بارے میں مسئلہ اٹھانے کو عمران خان نے کسی کی شرارت قرار دیا اور کہا کہ کابینہ میں یہ مسئلہ اور نہ کسی بھی فورم میں زیربحث آیا ہے اور میں نے اسے واپس لینے کا فوری حکم جاری کردیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا سمیع الحق نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پیدا شدہ عوامی تشویش سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا جس سے عمران خان نے اتفاق کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے وزراء کو مہنگائی بالخصوص ٹرانسپورٹ پر کڑی نگاہ رکھنے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ علاوہ ازیں مولانا سمیع الحق نے مدارس کی تنظیمات کے ساتھ ملاقات میں پیش کردہ تجاویز پر جلدی عملدرآمد کرنے کا مشورہ دیا اور اس حوالے سے مدارس کے وفاقوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی تجویز دی۔ ترجمان جے یو آئی (س) کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان میں قیام امن کی ضرورت اوراہمیت کے حوالے سے مولانا سمیع الحق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی خواہش کا ظاہر کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سیاسی امور کے مشیر نعیم الحق بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 755448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش