0
Saturday 13 Oct 2018 20:53

سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم ترین عہدوں پر متنازع تعیناتیوں کا انکشاف

سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم ترین عہدوں پر متنازع تعیناتیوں کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم ترین عہدوں پر متنازع تعیناتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کی وجہ سے محکمے کی کارکردگی شدید متاثر ہونے لگی ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سول ایوی اتھارٹی میں اہم ترین پوسٹوں پر متنازع تعیناتیاں کی گئی ہیں، محکمانہ قوانین و ضوابط کے خلاف کی جانے والی تعیناتیوں سے محکمے کی کارکردگی شدید متاثر ہونے لگی ہے۔ کئی اہم ترین منصوبے ناصرف تاخیر کا شکار ہونے لگے بلکہ ان کی تعمیراتی لاگت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ لاہور ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن بھی بروقت مکمل نہیں ہوگی کیونکہ ڈی جی سی اے اے، چیئرمین سی اے بورڈ، ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ اور ڈائریکٹر ایچ آر جیسے اہم ترین عہدوں پر متنازع تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 5 ماہ قبل غلام حسن بیگ کو ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اضافی چارج دیا گیا جبکہ مارچ 2018ء میں ڈی جی کی پوسٹنگ کے لئے اخباری اشتہار دیا گیا تھا مگر 8 ماہ گزر جانے کے باوجود ڈی جی سول ایوی ایشن کی پوسٹ پر ریگولر تعیناتی نہ کی جاسکی۔ سیکرٹری ایوی ایشن اتھارٹی ثاقب عزیز کے پاس اس کے علاوہ دو مزید چارج ہیں ایک ہی وقت میں 3 عہدے پاس رکھنے سے ثاقب عزیز پر ذمہ داریوں کا اتنا بوجھ بڑھا کہ اہم ترین معاملات پر فیصلے کرنا مشکل ہوگیا، جس کے باعث ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی سی اے اے، سیکرٹری سول ایوی ایشن، چیئرمین سی اے بورڈ سمیت ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ پر خلاف قانون تعیناتیاں کی گئیں، ڈائریکٹر ایچ آر ثمر رفیق اور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ گروپ ای جی 8 کے افسران ہیں جنہیں گروپ ای جی 9 کی پوسٹوں سے نوازا گیا ہے، جس پر سابق ڈائریکٹر ایچ آر سمیر سعید نے عدالت کا رخ کرلیا۔ سمیر سعید کی درخواست پر ڈی جی سی اے اے، سیکرٹری ایوی ایشن، چیئرمین سی اے بورڈ، ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ کو عدالت نے 30 اکتوبر کو طلب کرلیا۔
خبر کا کوڈ : 755633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش