0
Sunday 14 Oct 2018 20:51

حکومتیں بار بار تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن سندھ کے حالات تبدیل نہیں ہوتے، معراج الہدٰی

حکومتیں بار بار تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن سندھ کے حالات تبدیل نہیں ہوتے، معراج الہدٰی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی نے کہا ہے کہ حکومتیں بار بار تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن سندھ کے حالات تبدیل نہیں ہوتے، سندھ اس وقت مہنگائی، بدامنی، بیروزگاری کی لپیٹ میں آ چکا ہے، وزراء سرکاری اسکول میں بچوں کو داخل کروانے کا دعوٰی کر رہے ہیں لیکن سرکاری اسکول میں پہلے ہی سے ٹیچر ہی موجود نہیں۔ بدین میں جے آئی یوتھ کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی نے کہا کہ سندھ بھر میں کئی اسکول بند پڑے ہیں، وہاں ٹیچروں کا تاحال کوئی اہتمام نہیں کیا گیا، سرکاری اسکول کی عمارتیں زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہیں، سندھ میں تعلیم کا بیڑا غرق کیا جا رہا ہے، سندھ کے معیار تعلیم کو درست کرنا سندھ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین میں پانی کا شدید بحران ہے، کچھ علاقے جہاں پر تھوڑا سا پانی دستیاب ہے وہ فصلوں کے لئے ناکافی ہے، چاول کی فصل میں کاشتکاروں کو گذشتہ سال سے بھاری نقصان ہوا ہے، ان کاشتکاروں کا روزگار زراعت پر ہے، زراعت نہ ہونے کی وجہ سے زائد بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

معراج الہدٰی صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اگر تعلیم نہ ہوگی تو ملک اور سندھ ترقی کی راہ پر گامزن نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں قحط سالی کی وجہ سے بچے اموات کی نیند سو رہے ہیں، حکومت سندھ کو تھر میں فوری طور پر گندم تقسیم کرنی چاہیئے دیگر صوبوں سے تھر کا زیادہ حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں صوبائی اور وفاقی وزیر موجود ہیں لیکن بدین کی معشیت تباہ ہو چکی ہے، اگر دیانتدار قیادت کو منتخب کیا جاتا تو عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہو جاتے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی، جنرل سیکرٹری سید علی مردان شاہ، جے آئی یوتھ بدین کے صدر محمد علی بلیدی، جنرل سیکرٹری علی حیدر سومرو، فرحان عالمانی اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 755822
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش