QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا کا 613 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

15 Oct 2018 09:24

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا، جہاں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا مالی سال 19-2018ء کا بجٹ پیش کرینگے۔ بجٹ کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہوگا جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 123 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے، جس کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 123 ارب روپے سے زیادہ مختص کئے جانے کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا، جہاں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا مالی سال 19-2018ء کا بجٹ پیش کریں گے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہوگا جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 123 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں جاری ترقیاتی اسکیموں کیلئے 70 جبکہ نئی اسکیموں کیلئے 30 فیصد رقم مختص کی جائے گی اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) اور سوات ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ متوازن اور ٹیکس فری ہوگا اور غریبوں پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ وفاق میں اب ہماری ہی حکومت ہے، ہمیں وفاق سے ضرور پیسے ملیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بجٹ میں بیرونی امداد کی مد میں 71 ارب روپے سے زائد ملنے کی توقع ہے جو کہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جائیں گے۔ بجٹ میں ضلعی حکومتوں کیلئے 29 ارب 34 کروڑ، پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کیلئے 3 ارب 32 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ دوسری جانب تعلیم کیلئے 9 ارب 2 کروڑ، صحت کیلئے 7 ارب 77 کروڑ، جنگلات کیلئے 2 ارب 86 کروڑ اور ملٹی سیکٹوریل ڈویلپمنٹ کیلئے 2 ارب 13 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے۔


خبر کا کوڈ: 755872

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/755872/خیبر-پختونخوا-کا-613-ارب-روپے-سے-زائد-بجٹ-آج-پیش-کیا-جائیگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org