QR CodeQR Code

کوئٹہ، علمدار روڈ پر زائرین کا احتجاجی دھرنا، فوری کانوائے روانہ کرنیکا مطالبہ

16 Oct 2018 01:04

زائرین گذشتہ ایک ہفتے سے کوئٹہ میں موجود ہیں لیکن ابھی تک حکومت نے انکو تفتان بھیجنے کیلئے کسی کانوائے کا اعلان نہیں کیا، زائرین کا کہنا تھا کہ ہمیں سات سے زیادہ دن ہوگئے ہیں، لیکن ابھی تک حکومت ہمیں تفتان جانیکی اجازت نہیں دے رہی۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال ایک بار پھر کوئٹہ کا علمدار روڈ زائرین سے مکمل بھر چکا ہے، لیکن ابھی تک اربعین امام حسین علیہ السلام کے لئے جانے والے زائرین کا پہلا کانوائے روانہ نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت کوئٹہ میں زائرین کی ساڑھے تین سو سے زائد بسیں موجود ہیں، جنہیں ابھی تک تفتان جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ زائرین گذشتہ ایک ہفتے سے کوئٹہ میں موجود ہیں، لیکن ابھی تک حکومت نے ان کو تفتان بھیجنے کے لئے کسی کانوائے کا اعلان نہیں کیا، آج سہہ پہر زائرین کی جانب سے علمدار روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، زائرین کا کہنا تھا کہ ہمیں سات سے زیادہ دن ہوگئے ہیں، لیکن ابھی تک حکومت ہمیں تفتان جانے کی اجازت نہیں دے رہی، اس موقع پر زائرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایران سے آنے والے ہزاروں زائرین تفتان پر پھنس گئے تھے، جہاں تین زائرین کی موت بھی واقع ہوگئی تھی، کوئٹہ میں تفتان جانے کے منتظر زائرین میں گذشتہ روز رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے سجاد حسین انتقال کرچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 756065

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756065/کوئٹہ-علمدار-روڈ-پر-زائرین-کا-احتجاجی-دھرنا-فوری-کانوائے-روانہ-کرنیکا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org