1
Tuesday 16 Oct 2018 21:49

عراق ایمبسی کی من مانی، ہزاروں زائرین اربعین حسینی پر جانے سے رہ گئے

عراق ایمبسی کی من مانی، ہزاروں زائرین اربعین حسینی پر جانے سے رہ گئے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم عراقی سفارخانے نے ویزے کے عمل کو انتہائی سست کرکے ہزاروں زائرین کی اربعین حسینی میں شرکت روک دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عراق ایمبسی میں عموماً ہر سال 20 محرم الحرام تک اربعین حسینی کے ویزوں کا اجرا شروع ہو جاتا تھا، لیکن اس بار 12 اکتوبر یعنی دو صفر کو ویزے لگانے کا کام شروع کیا گیا، جبکہ ہفتہ اتوار کو بھی سفارتخانہ بند رکھا گیا، جس کے باعث ہزاروں زائرین کی فلائٹس منسوخ ہوئیں اور نان ریفنڈ ایبل ٹکٹ ہونے کے باعث زائرین کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ سوموار کو عراقی سفارتخانے نے نیا ڈرامہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایک شرکت فقط پچیس لسٹیں ویزے کے لئے جمع کروا سکتی ہے، اس سے زائد نہیں، یوں ہزاروں زائرین ویزے لگنے کے انتظار میں رل گئے ہیں۔ کئی قافلے ائیرپورٹس سے ویزے نہ ہونے کے باعث فلائٹس چھوڑ کر روتے ہوئے گھروں کو واپس  لوٹ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی ایمبیسی میں نیا سفارتکار تعینات ہوا ہے، جس نے جان بوجھ کر ویزوں کے پراسس کو سست کر دیا ہے، جبکہ ویزہ لگانے والی پرانی ٹیم کو ہٹا کر عراق سے لائی گئی نئی ٹیم کو ویزے لگانے پر لگا دیا ہے۔ عراق سے آنے والا نیا عملہ تربیت سے عاری ہے، جس کے باعث ویزوں کا عمل مزید سست ہوگیا ہے۔ زائرین امام حسین علیہ السلام نے عراق میں مقیم پاکستانی علماء کرام سے التجا کی ہے کہ وہ فی الفور آیت اللہ سیستانی اور دیگر مراجع عظام سے رابطہ کرکے معاملہ اٹھائیں۔ اگر عراقی ایمبیسی کا یہی رویہ رہا تو اس بار پچاس ہزار سے زائد زائرین اربعین میں شرکت نہیں کرسکیں گے اور کروڑوں روپے کا نقصان الگ سے ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 756258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش