0
Wednesday 17 Oct 2018 12:24

احتساب کے عمل سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، فواد چودھری

احتساب کے عمل سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، فواد چودھری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک بار پھر کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ( نیب) ایک خود مختار ادارہ ہے جس کے معاملات میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ موجودہ حکومت انتقام پریقین نہیں رکھتی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر مسلم لیگ نون کی جانب سے بار بار یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نیب کو سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی کے لئے استعمال کر رہی ہے اور نیب کا پورا فوکس صرف ایک ہی خاندان اور جماعت تک محدود ہوگیا ہے۔ دوسری جانب نیب اور حکومت سختی سے "سیاسی انتقام" کی تردید کر رہی ہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کی وجہ سے قومی ادارے بدحالی کا شکار ہیں۔ احتساب کا عمل آگے بڑھانا چاہیئے، اس سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیف الرحمٰن نے بینظیر بھٹو کے خلاف انتقامی کارروائی کی تھی تاہم موجودہ حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔ اگر ضرورت پڑی تو جس طرح "مبینہ دھاندلی" کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ ایسی ہی کمیٹی احتساب کے لئے بھی بنائی جا سکتی ہے۔ شہباز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی مخالفت نہیں کی۔ اس لئے ریمانڈ کے دوران اپوزیشن لیڈر کو اسمبلی اجلاس میں بلایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے صاف پانی کیس میں بیان ریکارڈ کرنے کے لئے بلاکر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کیا تھا۔ نیب نے انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے سپرد کردیا گیا ہے۔ شہباز شریف اس وقت نیب کی تحویل میں ہیں تاہم ان کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے لایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 756329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش