1
Wednesday 17 Oct 2018 19:35

شہباز شریف اس سے بدتر سلوک کے حقدار ہیں، وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے، طاہر القادری

شہباز شریف اس سے بدتر سلوک کے حقدار ہیں، وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے، طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پولیس افسران کو او ایس ڈی بنادیا گیا، امید ہے بڑوں کے ساتھ بھی ایسا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے قیام کے38سال مکمل ہونے کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج تحریک منہاج القرآن کے قیام کے 38 سال مکمل ہوگئے ہیں،37 سال میں 13 جون 2014 جیسا مشکل وقت نہیں آیا، ہمارے کارکن شہید و زخمی ہوئے ان ہی کو قاتل بنا کر جیل میں ڈالا گیا، کارکنوں پر 56 ایف آئی آرز کاٹی گئیں 300 سے زائد پیشیاں بھگتیں، کل 56 کارکنان راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے باعزت بری ہوئے ہیں۔ 

ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں 116 پولیس اہلکار و افسران کو ہٹانے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پولیس افسران کو او ایس ڈی بنایا گیا، امید ہے بڑوں کے ساتھ بھی ایسا ہوگا، پنجاب حکومت کے اس اقدام کی تعریف کرتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان نے مجھ سے انصاف کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بیان پربات کرنا گوارہ نہیں کرتا، شہبازشریف اس سے بدترسلوک کے حقدارہیں، وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے زینب قتل کیس کا نوٹس لیا، اس کیس میں تیزی سے انصاف ہوا اور آج وہ وحشی درندہ اپنے انجام کو پہنچا، میں چیف جسٹس سے ماڈل ٹاؤن واقعے میں ہونے والی درندگی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں۔ طاہرالقادری نے کہا کہ مہنگائی کے مسائل ہیں تو قو م خود لانگ مارچ کرے، قوم اپنے حق کیلئے اٹھے گی تو اس کے مسائل حل ہوں گے، ہمارے کارکنوں نے قوم کا ٹھیکہ نہیں اٹھا رکھا کہ ہر بار وہ ہی قربانی دیں۔
خبر کا کوڈ : 756424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش