0
Wednesday 17 Oct 2018 23:27

(ن) لیگ نااہل حکمرانوں کو 5 سال تک مسلط رہنے کی اجازت نہیں دیگی، علی اکبر گجر

(ن) لیگ نااہل حکمرانوں کو 5 سال تک مسلط رہنے کی اجازت نہیں دیگی، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے سابق صدر علی اکبر گجر نے ملک میں تیزی سے بدتر ہوتی معاشی صورتحال پر اپنی جماعت کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بدقسمتی سے تاریخ کے نااہل ترین حکمرانوں کے ہاتھوں میں جا چکا ہے، جن کی ناقص کارکردگی اور عالمی اقتصادی حالات سے لاعلمی پاکستان کو معاشی تباہی کی طرف لے جا رہی ہے، ڈالر کی قیمت پر ریاست پاکستان کا اختیار تقریبا ختم ہو چکا ہے، مہنگائی کا جن ملک کی معیشت کو نگل رہا ہے، عام شہری مہنگائی کے ہاتھوں بے بس ہو کر مایوس ہو چکا ہے، لیکن ملکی تاریخ کی نااہل ترین حکومت بدستور انتقامی سیاست کے سہارے اپنی مدت اقتدار مکمل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ اپنے ایک بیان میں علی اکبر گجر نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہی کی طرف گامزن ہے، حکمران قوم کو دیوالیہ پن کا شکار کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ جمہوری قوتوں نے حالات کی نزاکت پر کوئی متفقہ فیصلہ نہ کیا، تو خدانخواستہ ملکی سلامتی بھی خطرات میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام ملک کی معیشت کو دیمک بن کر کھا رہا ہے۔

علی اکبر گجر نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کا واحد حل ایسی حکومت ہے، جو ملک اور دنیا کے معاشی معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کو عالمی کساد بازاری کے دلدل سے نکال کر بہتر اور خوشحال معیشت دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا اور ملک کی اقتصادی صورتحال بہتری کی طرف گامزن کرکے عام پاکستانی کو خوشحال زندگی گذارنے کے مواقع فراہم کئے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ملک کو موجودہ غیر یقینی حالات میں مبتلا نہیں دیکھ سکتی، بہت جلد عوام کو بہتر معاشی پالیسی اور موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکلنے کا منصوبہ دے گی۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج نے عوام کی سوچ اور مستقبل کے لائحہ عمل کا عندیہ دے دیا ہے، لیکن عوام کی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) نااہل حکمرانوں کو پانچ سال تک مسلط رہنے کی اجازت نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 756452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش