QR CodeQR Code

مغوی ایرانی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پاک ایران مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

17 Oct 2018 23:34

ایرانی وزارت خارجہ کیجانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سرحدی محافظوں کو ایک تنظیم کیجانب سے اغواء کرکے پاکستان منتقل کئے جانے پر پاکستانی سفیر رفعت مسعود کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا اور مغویان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا گیا، حکومت پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ ایرانی بھائیوں کیساتھ کسی بھی طرح کے تعاون سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ایران نے اغواء کئے جانے والے 14 ایرانی سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لئے مشترکہ طور پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق اس حوالے سے دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے گذشتہ روز اس ضمن میں جاری کردہ تحریری بیان میں کہا تھا کہ ایران کی سرحد سے سرحدی محافظوں کو ایک تنظیم کی جانب سے اغواء کرکے پاکستان منتقل کئے جانے پر پاکستانی سفیر رفعت مسعود کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا اور مغویان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔ حکومت پاکستان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اس ضمن میں ایرانی بھائیوں کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعاون سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کی مسلح افواج مشترکہ میکنزم کے ذریعے رابطے میں ہیں، یہ میکنزم گذشتہ سال قائم کیا گیا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پاک ایران سرحد سے جن 14 سکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغواء کیا گیا ہے، ان میں حساس شعبے کے بھی دو اہلکار شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کو صبح صادق کے وقت لولکدان کے سرحدی علاقے سے مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔ لولکدان نامی گاﺅں ایران کے صوبہ سیستان (بلوچستان) کے شہر زاہدان کے جنوب مشرق میں 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق سات مغویان "بسیج" میں رضاکار کی حیثیت سے آپریشنز میں بھی حصہ لے چکے ہیں، دیگر کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ سرحدی محافظین میں شامل ہیں۔ ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلح افراد مغویان کو لے کر پاکستان کے سرحدی علاقے کی طرف فرار ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ اکبر علی شاہ نے رابطہ کرنے پر کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد پر ماضی میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں معمول کے مطابق ایرانی حکام تحریری طور پاکستان یا بلوچستان کے حکام کو آگاہ کرتے ہیں، لیکن اس واقعہ کے بارے میں اب تک سرکاری طور پر ایرانی حکام نے اُن کو آگاہ نہیں کیا ہے۔ اکبر علی شاہ کا مؤقف تھا کہ سرکاری طور پر اس واقع کی اطلاع ملنے پر ذرائع ابلاغ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ ایک سوال پر بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری داخلہ نے اغواکاروں کے پاکستان میں داخلے کی بات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ پاک ایران سرحد پر ہر جگہ مناسب سکیورٹی ہر وقت موجود ہوتی ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تقریباً 900 کلو میٹر طویل سرحدی پٹی ہے۔


خبر کا کوڈ: 756454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756454/مغوی-ایرانی-اہلکاروں-کی-بازیابی-کیلئے-پاک-ایران-مشترکہ-ا-پریشن-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org