QR CodeQR Code

دیوسائی میں جرمن خاتون سیاح سمیت 10 افراد پھنس گئے، رابطہ منقطع

17 Oct 2018 21:30

جرمن خاتون سیاح سائیکل کے ذریعے سدپارہ سے دیوسائی روانہ ہوئی تھی، 4 ملکی سیاح گاڑی میں روانہ ہوئے تھے جبکہ وائلڈ لائف کے چار ملازمین بھی دیوسائی میں موجود تھے، شدید برفباری کے بعد راستے بند ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں روانہ ہوگئیں۔


اسلام ٹائمز۔ دیوسائی میں ایک غیر ملکی خاتون سمیت 10 افراد پھنس گئے، دو روز قبل سکردو سدپارہ سے ایک غیر ملکی خاتون سائیکل سوار دیوسائی کے راستے استور روانہ ہوئی تھی، اسی روز برفباری کا سلسلہ شروع ہوا، جس کی وجہ سے دیوسائی کا راستہ رات کو ہی بند ہو چکا تھا۔ دوسری طرف پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی ایک ٹیم بھی گاڑی میں سدپارہ کے راستے دیوسائی روانہ ہوئی تھی، جبکہ دیوسائی میں موجود محکمہ وائلڈ لائف کے پانچ ملازمین کا بھی رابطہ منقطع ہے، تین روز گزرنے کے باوجود تمام افراد کو ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔ سطح سمندر سے 14 ہزار فٹ بلند میدان کو دنیا کا چھت بھی کہا جاتا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بلند سطح مرتفع بھی ہے، گرمیوں میں لاکھوں سیاح دیوسائی میدان کو دیکھنے آتے ہیں، سکردو سے استور دیوسائی کا راستہ حالیہ برفباری کے بعد بند ہوچکا ہے، یہاں پر تین فٹ تک برف پڑچکی ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، یہاں پر کسی بھی قسم کا کمیونیکیشن کی سہولت بھی موجود نہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ لاپتہ ہونیوالی غیر ملکی خاتون کا تعلق جرمنی سے ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر استور ولی خان نے کہا کہ دس افراد گذشتہ روز سے دیوسائی میں سکردو کی سائٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، ان کو ریسکیو کرنے کیلئے سکردو انتظامیہ نے اپنی ٹیمیں دیوسائی کی طرف روانہ کر دی ہیں، کل تک یہ ٹیم انہیں ریسکیو کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو ہماری طرف سے بھی ٹیمیں تیار ہیں، ان میں پولیس اور ریسکیو ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سے بھی اس حوالے سے بات کی ہے، تاکہ ضرورت پڑنے پر ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم ہوسکے، انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد میں ایک جرمن خاتون، چار پاکستانی سیاح اور وائلڈ لائف کے پانچ ملازمین شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 756460

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756460/دیوسائی-میں-جرمن-خاتون-سیاح-سمیت-10-افراد-پھنس-گئے-رابطہ-منقطع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org