QR CodeQR Code

ابراج نے کے الیکٹرک کے شیئرز خریدنے کیلئے شریف برادران کو دو کروڑ کی پیش کش کی، امریکی اخبار

18 Oct 2018 10:00

مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق امریکی اخبار کو نوٹس دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں انکوائری خود مسلم لیگ نون کے دور میں کرائی گئی تھی کہ کے الیکٹرک کی چینی کمپنی کو فروخت میں مدد کے لیے کہیں کسی سطح پر پیسہ تو نہیں دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔  امریکی کاروباری جریدے وال اسٹریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف برادران نے کے الیکٹرک کی سودے بازی میں کرپشن کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے شریف برادران کی بڑی کرپشن بے نقاب کر دی، جریدے نے ہوش رُبا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران نے کے الیکٹرک کے سودے میں کرپشن کی۔ ابراج کیپیٹل نامی کمپنی کے الیکٹرک کے شیئرز فروخت کرنے کی خواہش مند تھی اور اس کام میں نواز شریف اور شہباز شریف کی مدد حاصل کرنے کیلئے اس کمپنی نے نوید ملک نامی ایک بزنس مین کو 2 کروڑ ڈالر کی پیشکش کی۔ وال اسٹریٹ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ عارف نقوی نے ابراج پارٹنر کو لکھا کہ معاملہ عمومی طور پر طے کرنا ہے، انھوں نے ای میل کی کہ معاملہ غلط ہاتھ میں گیا تو دھماکا ہوگا۔ وال اسٹریٹ کے انکشاف کے مطابق انھوں نے ای میل میں لکھا کہ شریف برادران بتائیں گے کہ کک بیکس کی تقسیم کیسے ہوگی، شریف برادران کو رقم الیکشن فنڈ یا رفاہی کام کی آڑ میں دی جائے گی۔

ای میل میں مزید لکھا گیا کہ 2 کروڑ ڈالر کیسے دیے جائیں یہ شریف برادران بتائیں گے، وال اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ شریف برادران اور کے الیکٹرک کک بیکس ڈیل 8 سال پہلے کی ہے۔ ابراج کیپیٹل کے سربراہ عارف نقوی اور شریف فیملی کے وکیل دونوں نے اس بات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی نوید ملک نامی کسی شخص سے ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق اس بارے میں امریکی اخبار کو نوٹس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ابراج کے ایک پارٹنر عمر لودھی نے ابراج کے سربراہ عارف نقوی کو اکتوبر 2015 میں ایک ای میل کی۔ عمر لودھی کے مطابق نوید ملک نے کہا کہ شہباز شریف کے الیکٹرک کی فروخت کی پرزور حمایت پر تیار ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق عارف نقوی نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کی فروخت کے سلسلے میں کسی سیاسی شخصیت کو پیسے دینے کے لیے کسی بات چیت میں شریک نہیں رہے۔ خیال رہے کہ کے الیکٹرک کی فروخت اب تک ممکن نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب شریف فیملی کے ایک وکیل نے کہا ہے کہ ان کی نوید ملک نامی شخص سے کسی بھی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق امریکی اخبار کو نوٹس دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں انکوائری خود مسلم لیگ نون کے دور میں کرائی گئی تھی کہ کے الیکٹرک کی چینی کمپنی کو فروخت میں مدد کے لیے کہیں کسی سطح پر پیسہ تو نہیں دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 756489

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756489/ابراج-نے-کے-الیکٹرک-شیئرز-خریدنے-کیلئے-شریف-برادران-کو-دو-کروڑ-کی-پیش-کش-امریکی-اخبار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org