QR CodeQR Code

پی کے 71 ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل

19 Oct 2018 21:26

ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حلقہ کے 86 پولنگ سٹیشنوں میں 51 حساس جبکہ 51 کو حساس ترین کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 1900 جوان ڈیوٹیاں سرانجام دینگے، جبکہ 80 خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دینگی۔


اسلام ٹائمز۔ 21 اکتوبر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 71 پر ضمنی انتخابات کیلئے انتظامات مکمل جبکہ پولیس نے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور جاوید اقبال نے میڈیا کو اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی کے 71 ضمنی الیکشن کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے اور مجموعی طور ہر 1900 جوان ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے 86 پولنگ سٹیشنوں میں 51 حساس جبکہ 51 کو حساس ترین کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق جوانوں کے علاوہ 80 خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گی جبکہ حساس ترین پولیس اسٹیشن پر 8 سے 10 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں تک بیلٹ بکس و دیگر سامان کی ترسیل پولیس اور آرمی کی نگرانی میں کی جائے گی جس کیلئے اسپیشل پولیس یونٹ کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق قبائلی علاقہ سے متصل علاقوں کے راستوں پر 30 اضافی ناکہ بندیاں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کی صورت میں پولیس لائن میں 500 ریزرو اہلکار الرٹ رہیں گے۔ واضح رہے کہ مذکورہ نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے خالی کی گئی جس کیلئے تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کی حمایت یافتہ عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 756730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756730/پی-کے-71-ضمنی-انتخابات-کیلئے-سکیورٹی-انتظامات-مکمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org