0
Saturday 20 Oct 2018 10:16

سندھ حکومت سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال روکنے اور انکو واپس لینے میں ناکام

سندھ حکومت سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال روکنے اور انکو واپس لینے میں ناکام
اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ سابق پبلک آفس ہولڈر کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال روکنے اور ان کو واپس لینے میں ناکام رہی ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے صوبائی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی 47 گاڑیاں پیپلز پارٹی کے ورکرز، سابق مشیر اور وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی کے زیرِ استعمال ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن جو کہ اس وقت کرپشن کے الزامات میں جیل میں ہیں، کے قبضہ میں بھی ایک سرکاری گاڑی گزشتہ کئی سالوں سے ہے۔ سابق معاونین خصوصی اور کوارڈی نیٹر جو سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے دور میں سرکاری عہدوں پر رہے اور موجودہ اور سابق ممبران قومی اور صوبائی اسمبلیاں ان سرکاری گاڑیوں کو ابھی تک غیر قانونی طور پر استعمال کر رہے ہیں، حکومت ان سے یہ گاڑیاں واپس لینے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

سندھ اسمبلی کے سابق ممبران بشمول پیر مجیب الحق، کلثوم چانڈیو، لال چند اور شہباز بیگم نے سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سابق سنیٹر الماس پروین بھی اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی ابھی تک واپس نہیں کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی جن کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں، کے پاس بھی ایک سرکاری گاڑی ہے۔ اس کے علاوہ سابق صوبائی وزیر شرمیلا فاروقی، یوسف مستوئی، ارشد مغل، تیمور سیال، امتیاز ملاح، جاوید شاہ ہاشمی، غلام عباس بلوچ اور امداد منگی بھی غیر قانونی طور پر سرکاری گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر سندھ حکومت کی 26 گاڑیاں غیر قانونی طور پر پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کے زیر استعمال ہیں۔

صوبائی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق بااثر سیاسی رہنما اور ان کے قریبی ساتھی بھی صوبائی حکومت کی گاڑیاں رولز کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بعض افسران خلاف ضابطہ ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت کے افسر جنید سلیم کے پاس دو گاڑیاں اور فیاض عباسی کے پاس تین گاڑیاں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری گاڑیوں کی غیر قانونی استعمال کا نوٹس لے کر مذکورہ گاڑیوں کی ریکوری کا حکم دیا ہے، لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے گاڑیوں کی واپسی کیلئے ناجائز قابضین کو دوبارہ لیٹر جاری کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 756783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش