0
Saturday 20 Oct 2018 18:55

وفاقی المدارس الشیعہ نے سرکاری زائرین کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

وفاقی المدارس الشیعہ نے سرکاری زائرین کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے زائرین کمیٹی کی سربراہی سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور بدعنوانیوں کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے، زائرین کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔ دستبرداری کا اعلان وفاق المدارس الشیعہ کے اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی نورالحق قادری کے نام استعفے میں کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے، طے شدہ کانوائے نہیں چلائے اور مبینہ طور پر بدعنوانی بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال چہلم سیدالشہدا حضرت امام حسین ؑ کے موقع پر پاکستان سے براستہ کوئٹہ تفتان، عراق جانیوالے ہزاروں عازمین زیارات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنے کی بنا پر وفاق المدارس الشیعہ کی طرف سے وزیراعظم کو خط لکھا گیا تھا، جس کے نتیجہ میں 15 جنوری 2018ء کو وزارت مذہبی امور میں شیعہ علماء کرام اور متعلقہ سرکاری اداروں کے مشترکہ اجلاس کے نتیجے میں 24 مئی کو وزارت ِ مذہبی امور کی طرف سے وفاق المدارس الشیعہ کے تحت مرکزی زائرین کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

جس میں بائی روڈ جانیوالے ہزاروں عازمین زیارت کے حوالے سے بہت سی شرائط طے کی گئیں، بہت اہم فیصلے کئے گئے لیکن حکومت کی طرف سے ان پر عملدرآمد نہ کیا گیا اور کئے گئے وعدوں پر سرکاری محکموں نے عمل نہ کیا، کئی طے شدہ کانوائے نہیں چلائے گئے، جس کی وجہ سے حسب ِ سابق لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ مبینہ طور پر بعض افراد مالی بدعنوانی میں بھی ملوّث پائے گئے، ان حالات میں وفاق المدارس الشیعہ کے ذمہ داران نے فیصلہ کیا ہے کہ زائرین کمیٹی سے علیحدگی اختیار کر لی جائے، لہٰذا مذکورہ زائرین کمیٹی کو وفاق المدارس سے منسوب نہ کیا جائے، ہم اس کمیٹی سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 756917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش