0
Saturday 20 Oct 2018 19:30
بہاول نگر کے چک میں مجلس پر پولیس گردی کسی صورت برداشت نہیں، زہرا نقوی

ایم ڈبلیو ایم رہنما، رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی کی صوبائی وزیر قانون اور سینیئر وزیر سے ملاقات

ایم ڈبلیو ایم رہنما، رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی کی صوبائی وزیر قانون اور سینیئر وزیر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کی رہنما اور پنجاب اسمبلی کی رکن سیدہ زہرا نقوی کی ضلع بہاولنگر میں خواتین عزاداروں پر پولیس کے تشدد اور فحش کلامی پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور صوبہ پنجاب کے سینیئر وزیر بلدیات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ زہرا نقوی نے وزیر قانون کو واقعہ کی تمام تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی مجلس گھر کے اندر ہو رہی تھی، جس پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ نہتی خواتین پر لاٹھی چارج کیا گیا اور گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ زہرا نقوی نے مزید بتایا کہ ابھی مجلس عزاء کا آغاز ہوا ہی تھا کہ ایس ایچ او محمد اسلم ڈوڈی اور ڈی ایس پی فورٹ عباس طاہر مجید کے حکم پر اے ایس آئی ارشد علی بیلٹ نمبر 527 کی سربراہی میں حولدار محمد آصف HC/1084 اور کانسٹیبلان رﺅف انور C/1420، عامر مقبول C/686، محمد اعظم C/333، عنایت حسین C/807، محمد شبیر C/187بسواری سرکاری گاڑی ڈرائیور سلطان محمود C/179 اور مقامی شرپسندوں نے مجلس عزاء میں مداخلت کرتے ہوئے ساونڈ سسٹم اُٹھا لیا، بانی مجلس عزاء سید سجاد حسین شاہ پسران و برادران نے منت سماجت کی کہ ہم بغیر ساونڈ کے مجلس کرا لیتے ہیں، جس پر ایس ایچ او  نے حامی بھر لی لیکن کچھ ہی دیر بعد یہ پولیس دوبارہ آگئی اور کہا ڈی پی او عمارہ اطہر کا حکم ہے، ساتھ ہی مجلس عزاء پر ہلہ بول دیا۔

زہرا نقوی نے بتایا کہ پولیس والے سٹیج پر چڑھ دوڑے، پولیس اہلکاروں نے خواتین کے پنڈال میں داخل ہوتے ہی شام غربیاں برپا کر دی، پولیس نے اپنے اے ایس آئی کے زخمی ہونے کی وائرلیس چلائی، جس پر ضلع کی خاتون ڈی پی او عمارہ اطہر کے حکم پر ایلیٹ فورس کی بھاری نفری آناً فاناً موقع پر پہنچی اور تربیت یافتہ مقامی فرقہ پرستوں اور شرپسندوں کی مدد سے مجلس عزاء پر حملہ آور ہوئے، اس کے بعد کا منظر شام غریباں سے کم نہ تھا۔ مقامی فرقہ پرست اور ایلیٹ فورس کے ڈنڈا بردار اہلکاروں نے شیعہ کافر کے نعرے لگاتے ہوئے خواتین کے پنڈال میں داخل ہوتے ہی قیامت برپا کر دی۔ خواتین اپنی چادریں نہ سنبھال سکیں۔ بھگدڑ میں ضعیف عورتیں اور بچے کچلے گئے۔ اسی طرح مردوں کے پنڈال میں موجود عزاداروں کو مار مار کر ادھ مویا کر دیا گیا۔ زہرا نقوی نے وزیر قانون پنجاب اور سینیئر وزیر کو پولیس کیخلاف کارروائی کی اپیل کی، جس پر دونوں وزراء نے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ انصاف کیا جائے گا اور کسی کیساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی اور ممتاز شیعہ رہنما مولانا وقارالحسنین نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 756929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش