0
Sunday 21 Oct 2018 10:23

ضمنی الیکشن، قومی کے 1 صوبائی کے 2 حلقوں میں پولنگ جاری

ضمنی الیکشن، قومی کے 1 صوبائی کے 2 حلقوں میں پولنگ جاری
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ عام انتخابات میں یہ تینوں نشستیں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے حصے میں آئی تھیں تاہم جیت کے حامل امیدواروں نے وفاقی عہدوں پر نامزدگی کے بعد انہیں خالی کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے اکثر پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز بہت کم تعداد میں پولنگ اسٹیشنز آ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 کی نشست پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے جیتی تھی تاہم ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی جانب سے آفتاب صدیقی اس نشست پر الیکشن لڑ رہے ہیں، ان کے علاوہ ایم کیوایم کے صادق افتخار، پیپلز پارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد ووہرہ بھی اس نشست کیلئے میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کا یہ حلقہ ڈیفنس، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا اور پنجاب کالونی سمیت مختلف علاقوں پر مشتمل ہے، اس حلقے کے 5 لاکھ 46 ہزار ووٹرز 240 پولنگ اسٹیشنز میں جا کر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 کی نشست عمران اسماعیل نے جیتی تھی مگر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے اس نشست پر شہزاد قریشی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل، پیپلز پارٹی کے فیاض پیر زادہ اور آزاد امیدوار جبران ناصر بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی ایس 111، این اے 247 کے حلقے کی ہی حدود میں محدود ہے اور یہاں کے 1 لاکھ 78 ہزار ووٹرز 80 پولنگ اسٹیشنز میں جا کر اپنے ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

دوسری جانب پی کے 71 کی نشست شاہ فرمان نے خالی کی تھی اور اب ان کی جگہ اس نشست پر ضمنی انتخابات میں 3 آزاد سمیت 5 امیداوار آمنے سامنے ہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے ذوالفقار خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین میں کانٹے کا مقابلہ ہو سکتا ہے۔ اس حلقے میں ایک لاکھ 34 ہزار 51 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 79 ہزار 836 مرد اور53 ہزار 615 خواتین ووٹرز شامل ہیں، جبکہ یہاں 86 پولنگ اسٹیشنز اور 307 پولنگ بوتھ قائم ہیں، حلقے کے 86 میں سے 51 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 35 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ پی کے 71 ضمنی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 1900 سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں جب کہ 80 خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 756986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش