0
Sunday 21 Oct 2018 23:13

کشمیری حریت پسند دہشتگرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

کشمیری حریت پسند دہشتگرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں بھی کشمیر کمیٹی کی عدم فعالیت افسوسناک ہے، حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح پر موثر مہم چلائے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں، بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے، آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیری حریت پسند دہشتگرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں، بھارت تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود تحریک آذادی کشمیر کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، 7 لاکھ بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے محکوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مفتی وسیم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے کشمیری علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت ہر پاکستانی سفارتخانے میں کشمیر ڈیسک قائم کرے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے، مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت ممکن نہیں، بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کیلئے مستقل خطرہ بن چکا ہے، بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا، پاکستانی حکومت کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کیلئے اقدامات کرے، بھارتی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے، بھارت نے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 757146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش