0
Monday 22 Oct 2018 20:02

بے لگام فورسز کیطرف سے روا بہیمانہ قتل و غارتگری قابل افسوس ہے، یوسف نقاش

بے لگام فورسز کیطرف سے روا بہیمانہ قتل و غارتگری قابل افسوس ہے، یوسف نقاش
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں نہتے شہریوں کی دلدوز ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور ادکھلے پھولوں کا اس طرح سے مرجھانا ہمارے لئے واقعی صدمہ خیز ہے۔ غم زدہ گھرانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے یوسف نقاش نے کہا کہ بھارتی فورسز قتل و غارت کے تاک اور تلاش میں رہتے ہیں اور یوں فورسز اس وادی کو ایک بڑے قبرستان میں تبدیل کرنے کے اپنے انسانیت سوز منصوبوں کو عملا رہے ہیں۔

مزاحمتی قائد محمد یوسف نقاش نے کولگام سانحہ میں نوجوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کو یقین دلایا کہ ساری قوم اس صدمہ عظیم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے بے لگام فورسز کی طرف سے روا بہیمانہ قتل و غارت گری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں بیٹھے حکام مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی سیاسی تناظر میں حل کرنے کے بجائے گولی اور تیغ و سنان کے بل پر قوم کاشمر کو زیر کرنے پر عمل پیرا ہیں۔
 
محمد یوسف نقاش نے قیمتی جانوں کے اتلاف پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روان خونریزی بھارتی حکام کی ہٹ دھرمی اور حقائق سے ان کے نظریں چرانے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے 1993ء کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 26 سال قبل آج ہی کے دن درگاہ حضرتبل محاصرے کے خلاف جب لوگوں نے اطراف و اکناف سے جلوس نکال کر پُرامن آواز بلند کی تو بیجبہاڑہ میں فورسز نے 53 نہتے شہریوں کو گولیوں سے بھون ڈالا۔ انہوں نے شہدائے بیجبہارہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے صبر و استقامت کے مظاہرے کی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 757320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش