QR CodeQR Code

تمام نیب زدہ اور ای سی ایل میں ڈالے گئے لوگ حکومت کا حصہ ہیں، اسفندیار ولی

22 Oct 2018 21:54

باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر نے کہا کہ عمران کو 22 کروڑ عوام پر مسلط کیا ملک کی تباہی کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوگی۔ خودکُشی کو آئی ایم ایف پر ترجیح دینے والے بالآخر کشکول اُٹھا کر پوری دنیا میں گھوم رہے ہیں لیکن ناقابل اعتبار ہونے کیوجہ سے کوئی ملک انہیں قرضہ دینے کو تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ 40 سال تک ڈیموں کی تعمیر سے غافل رہنے والا واپڈا قومی مجرم ہے۔ کالاباغ ڈیم متنازعہ منصوبہ ہے اور گڑھے مردے اکھیڑنے سے ملک کو نقصان ہوگا۔ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی بازگشت سے تحفظات بڑھتے جا رہے ہیں، فاٹا کا ترقیاتی حصہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ذریعے خرچ کیا جانا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسفندیار ولی خان نے ضمنی الیکشن میں اے این پی کے کامیاب ہونے والے امیدوروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 2 ماہ میں حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت سامنے آ گیا ہے، عوام نے غیر سنجیدہ اور ناقص حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور اے این پی کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے والے ہمیں سیاست سے دور نہیں کرسکتے۔ اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ تمام نیب زدہ اور ای سی ایل میں ڈالے گئے لوگ آج حکومت کا حصہ ہیں، عمران جو الزامات گذشتہ حکومتوں پر لگاتے رہے وہی تمام کام آج خود کر رہے ہیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ الزامات لگانا آسان لیکن حکومت کرنا مشکل کام ہے، جنہوں نے عمران کو 22 کروڑ عوام پر مسلط کیا ملک کی تباہی کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خودکُشی کو آئی ایم ایف پر ترجیح دینے والے بالآخر کشکول اُٹھا کر پوری دنیا میں گھوم رہے ہیں لیکن ناقابل اعتبار ہونے کی وجہ سے کوئی ملک انہیں قرضہ دینے کو تیار نہیں۔


خبر کا کوڈ: 757347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/757347/تمام-نیب-زدہ-اور-سی-ایل-میں-ڈالے-گئے-لوگ-حکومت-کا-حصہ-ہیں-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org