QR CodeQR Code

تحریک انصاف کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ عوام کے خدمت گار ہیں، ایاز میمن موتی والا

22 Oct 2018 22:02

ایک بیان میں کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش سیاسی اور سماجی مسائل سے نکالنا عمران خان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی معیشت میں بہتری لانے کے لئے جب تک چھوٹے تاجروں کی رائے کو اہمیت نہیں دی جائے گی تب تک صورتحال میں بہتری نہیں آئی گی۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی اور شہزاد قریشی کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اب تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، قوم اس وقت مسائل کا شکار ہے اور حکومت یہ بھی جانتی ہے کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری پہلے سے زیادہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی عوام بھرپور طریقے سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے، حکومت کی نیت صاف ہے تو ہم قدم بہ قدم ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش سیاسی اور سماجی مسائل سے نکالنا عمران خان کے لئے ایک بڑاچیلنج ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی معیشت میں بہتری لانے کے لئے جب تک چھوٹے تاجروں کی رائے کو اہمیت نہیں دی جائے گی تب تک صورتحال میں بہتری نہیں آئی گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تحریک انصاف نے ثابت کرنا ہے کہ یہ لوگ کئی سال باریاں لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے والوں میں سے نہیں ہیں بلکہ عوام کے اصل خدمت گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا کی تمام آسائشوں کو چھوڑ کر عام آدمی کی بھلائی کے لئے سیاست شروع کی ہے اور شہر قائد میں پھیلے کچرے، گندے نالوں اور مصیبت زدہ عوام کے مسائل کی جانب حکمرانوں کی توجہ دلانے میں لگا رہا ہوں اور مستقبل میں بھی اس ہی طرح عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھون گا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہوں، مگر میرے پاس وسائل اس قدر نہیں کہ میں عوام کے تمام مسائل کو حل کر سکوں، اس کے لئے ایوانوں میں بیٹھے منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی کا بوجھ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام کے کندھوں پر ڈالنے کے بجائے ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لے، قوم اپنے ملک کی بہتری کے لئے ہر سختی برداشت کرنے کو تیار ہے۔


خبر کا کوڈ: 757350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/757350/تحریک-انصاف-کو-ثابت-کرنا-ہوگا-کہ-وہ-عوام-کے-خدمت-گار-ہیں-ایاز-میمن-موتی-والا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org