0
Tuesday 23 Oct 2018 22:26

پاکستان کی مدد کے لیے سعودی عرب کا 3 ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان

پاکستان کی مدد کے لیے سعودی عرب کا 3 ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے معاشی بحران سے دوچار پاکستان کی مدد کے لیے 3ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عالمی سرمایہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض میں موجود ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقاتیں کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے سعودی فرمانرواں اور ولی عہد کو پاکستان کو درپیش معاشی بحران اور مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمتی یادداشت کر دستخط کیے گئے جس کے تحت پاکستان کو ایک سال کے لیے 3ارب ڈالر دیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ عبد اللہ الجدان نے ایم او یو پر دستخط کیے جس کے مطابق سعودی عرب رقم کی ادائیگیوں میں توازن کے لیے پاکستان کو 3ارب ڈالر کی امداد دے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 3ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل بھی فراہم کرے گا۔ سعودی عرب نے پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان میں آئل ریفائنری منصوبے پر بھی آمادگی ظاہر کی لیکن سعودی عرب اپنی کابینہ کی منظوری کے بعد آئل ریفائنری منصوبے پر دستخط کرے گا۔ پاکستان کے معدنی وسائل میں سعودی عرب کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان تمام اسٹیک ہولڈرز سے گفتگو کرے گی جس کے بعد سعودی وفد کو اس سلسلے میں سرمایہ کاری کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔

اس سے قبل ریاض میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں اقتدار میں آئے 60 دن ہوئے ہیں، ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تجارتی اور بجٹ خسارہ ورثے میں ملا، قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت ہے جس کے لیے آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں، جبکہ کوشش ہے کہ دوست ممالک سے بھی قرض حاصل کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ پہنچے تھے، جہاں مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی سفیر نے ان کا استقبال کیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 757522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش