0
Thursday 25 Oct 2018 13:32

پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا عنقریب افتتاح کر دیا جائیگا، خیبر پختونخوا پولیس

پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا عنقریب افتتاح کر دیا جائیگا، خیبر پختونخوا پولیس
اسلام ٹائمز۔ پشاور شہر کو جدید آلات و ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کا عنقریب افتتاح کر دیا جائے گا۔ محکمہ پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی کا اس اہم منصوبے کے سلسلے میں ایکٹ کی تیاری کام آخری مراحل میں ہے، جو بہت جلد منظوری کیلئے صوبائی حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت پشاور کے شہری علاقوں میں ایسے 1 ہزار مختلف پوائنٹس پر ہائی ریزالوشن والے اعلٰی کوالٹی کے 5 سے 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، جن کی نظر سے کوئی جرم اور مجرم اوجھل نہیں ہوگا۔ ڈیجیٹلائزیڈ پولیسنگ اور مختلف محکموں کے ساتھ براہ راست نیٹ ورکنگ کے ذریعے ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ریکارڈ تک منٹوں میں رسائی یقینی بنائی جائے گی۔

منصوبے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول براہ راست پولیس کے زیر نگرانی ہوگا جبکہ گریڈ 19 کے پولیس آفیسر وقار الدین سید آج کل پراجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس سیف سٹی پراجیکٹ پر کام پچھلی حکومت کے دور میں شروع ہو چکا تھا۔ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبائی دارالحکومت پشاور کی سطح پر متعارف کرایا جائے گا اور بعد میں اسکا دائرہ صوبے کے دوسرے اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ بیان کے مطابق پراجیکٹ کا بنیادی مقصد دہشت گردی اور دیگر جرائم بالخصوص سٹریٹ کرائم، کار چوری اور موٹر سائیکل کی چوری کا سدباب کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 757782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش