0
Saturday 27 Oct 2018 12:55

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی، محمود خان

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی، محمود خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947ء انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جس دن بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی۔ ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انکے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلٰی نے کہا کہ بھارت نے تمام انسانی حقوق روندھتے ہوئے کشمیر کے علاقے میں زبردستی اپنی فوج داخل کی اور وہاں کے عوام کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم کر دیا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ آج 71 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام جس طرح بھارتی سرکار کے ظلم و ستم کا شکار ہیں وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔

بوڑھے، جوان، خواتین اور یہاں تک کہ معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے اور وہ بھی صرف اس لئے کہ وہ اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، جس طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی اور وہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اصولی موقف کی تائید کرتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام اب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے آس لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ان کی قسمت کا فیصلہ حق اور اُصولوں کی بنیاد پر کریں اور بھارت کے ظلم و ستم سے انہیں نجات دلائیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ بھارت کا دوہرا معیار سب کے سامنے ہے کہ کس طرح وہ طاقت کے نشے میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بن کر بیٹھا ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کا حل مذاکرات سے نکالا جائے کیونکہ زور زبردستی سے مسئلے حل نہیں ہوتے۔ وزیراعلٰی نے جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے قیام کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیری عوام پر ظلم کے خاتمے اور انہیں آزادی سے جینے کا حق دلانے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 758047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش