0
Sunday 28 Oct 2018 02:00

18 ویں ترمیم کو اکثریت کی بنیاد پر بہتر کیا جا سکتا ہے لیکن رول بیک نہیں کیا جا سکتا، رضا ربانی

18 ویں ترمیم کو اکثریت کی بنیاد پر بہتر کیا جا سکتا ہے لیکن رول بیک نہیں کیا جا سکتا، رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ صوبائی معاملات کو اسلام آباد سے نہیں چلایا جا سکتا، 18 ویں ترمیم کو اکثریت کی بنیاد پر بہتر کیا جا سکتا ہے لیکن رول بیک نہیں کیا جا سکتا، اگر 18 ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو نتائج انتہائی خطرناک ہونگے۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم طویل جدوجہد کے بعد وجود میں آئی، چھوٹے صوبے اس سے قبل احساس کمتری کا شکار تھے، بنیاد پاکستان صوبوں کی ڈیمانڈ سے شروع ہوئی اور یہ ڈیمانڈ بڑھتے بڑھتے پاکستان کے وجود میں آنے کی وجہ بنی، قائداعظم کے چودہ نکات میں بھی صوبوں کی خودمختاری کو اہمیت دی گئی، پاکستان کی جو حقیقت تھی اسے اسٹیبلشمنٹ نے تسلیم نہیں کیا، جس نے صوبوں کی خودمختاری کی بات کی اسے غدار کہا گیا اور سیاست میں حقیقت مسلمہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ بیوروکریسی نے صوبوں کی خودمختاری کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا وجود چھوٹے صوبوں کو انکا حق دلانے کے لئے ہوا تھا، اٹھارویں ترمیم کے نکات کو مجیب کے چھ نکات کہا گیا، ملٹری اسٹیبلیشمنٹ نے کبھی بھی صوبائی خودمختاری کو تسلیم نہیں کیا، صوبائی خودمختاری کی بات کرنے والون کو غدار قرار دیا گیا، صوبائی خودمختاری کی بات کرنے والوں کو وفاق کے خلاف سمجھا جانے لگا، سول ملٹری بیروکریسی نے تہیہ کر لیا کہ اٹھارویں ترمیم پر عملدرآمد نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کیلئے 9 ماہ کی جدوجہد کے بعد 18 ترمیم اتفاق رائے سے منظور کی گئی، اگر 18 ویں ترمیم نہ دیتے تو بلوچستان میں پہاڑوں پر بیٹھے لوگ واپس نہیں آتے اور نقصان ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صحت اور خزانہ صوبائی مسائل ہیں، ہم نے این ایف سی میں یہ قانون پاس کیا تھا کہ نیا این ایف سی پہلے سے کم نہیں ہوگا اور صوبوں کے حصے میں کٹوتی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مارشل لاء کے دوراں این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا، بڑے افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا، وفاق کے پاس فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، جب فاٹا کا کے پی کے مین انضمام ہوا تو کہا کہ 3 فیصد فاٹا کو بھی صوبوں کے حصے سے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 758159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش