0
Sunday 28 Oct 2018 18:01

پاراچنار گورنر ہاؤس میں تعلیمی سیمینار کا انعقاد

پاراچنار گورنر ہاؤس میں تعلیمی سیمینار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں تعلیم کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور  تعلیمی ترقی کے لئے سیمنار کا انعقاد کیا گیا، جس میں کوہاٹ یونیورسٹی اور کوہاٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ گورنر ہاؤس پاراچنار میں منعقدہ تعلیمی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاراچنار مختلف قسم کے مسائل کے باوجود قبائلی علاقوں میں تعلیم کے شعبے میں ٹاپ پر ہے، مگر تعلیمی حالت کی مزید بہتری اور تعلیمی میدان میں درپیش مسائل کے حل کے لئے انہوں نے فوری اقدامات اٹھانے کا عملی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ ماہرین تعلیم کی مشاورت سے تعلیمی میدان میں درپیش مسائل خصوصا کوہاٹ بورڈ اور  یونیورسٹی کے حوالے سے مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔

سمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ایجوکیشن کونسل فاٹا کے صدر مرتضی حسین، پرنسپل مرجان علی، پرنسپل واجد علی، سید میر حسین، پرائیویٹ سکول مینجمنٹ کرم کے صدر محمد حیات، ٹیچرز  ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین اور خواتین ماہرین تعلیم نے کہاکہ اگر حکومت پاراچنار کی تعلیمی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تو یہاں کی تعلیمی حالت میں مثالی ترقی ہو سکتی ہے، سیمینار کے زیادہ تر شرکاء نے کوہاٹ یونیورسٹی اور کوہاٹ تعلیمی بورڈ کی کارکردگی اور تعلیم کش پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بورڈ اور یونیورسٹی نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو علاقے کے عوام راست اقدام پر مجبور ہونگے۔ سیمینار کے اختتام پر پندرہ رکنی کمیٹی بنا دی گئی، جو تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی ترقی کے لئے تجاویز پیش کرے گی اور مقامی انتظامیہ اور  پارلیمنٹرینز کے ساتھ ملکر مستقبل کے لئے راہ عمل تیار کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 758257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش