0
Monday 29 Oct 2018 20:58

لاہور، قومی علماء و مشائخ کونسل کا اجلاس، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

لاہور، قومی علماء و مشائخ کونسل کا اجلاس، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا عزم
اسلام ٹائمز۔ وزارت مذہبی امور اور محکمہ اوقاف پنجاب کے زیراہتمام قومی علماء و مشائخ کونسل کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کی۔ اجلاس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ اجلاس میں مفتی منیب الرحمن، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ عارف واحدی، مولانا علی محمد تراب، مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا ابوبکر حنیف، مولانا عاصم مخدوم، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا ضیاءالرحمن نقشبندی، سید صفدر شاہ سمیت دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کا مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے تجربہ کامیاب رہا، ملی یکجہتی کونسل نے فرقہ واریت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہشن ہے ملی یکجہتی کو سرکاری سرپرستی میں لے لیا جائے اور ملی یکجہتی کونسل مزید بہتر انداز میں کام کر سکے گی۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پیغام پاکستان کو منبر و محراب کا بھی پیغام بنانا چاہیئے، کیوں کہ پیغام پاکستان بیانیہ پاکستان میں قیام امن، مذہبی رواداری کے فروغ اور برداشت کے کلچر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ مدارس کے حوالے سے ہونیوالی قانون سازی سے علمائے کرام کو تحفظات ہیں، مگر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مدارس اور حکومت کے درمیان معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مدارس کو قومی دھارے میں لائے گی، اور اس حوالے سے علماء کیساتھ تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور علمائے کرام کی تجاویز کی روشنی میں ہی قانون سازی ہو گی۔ انہوں نے علماء سے یہ بھی درخواست کی کہ وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن میں علمائے کرام بھی ساتھ دیں اور ماحولیاتی تبدیلی سے بچنے کیلئے علماء شجرکاری مہم میں خود بھی حصۃ لیں اور اپنے پیروکاروں کو بھی تلقین کریں کہ وہ پودے لگائیں۔
خبر کا کوڈ : 758335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش