QR CodeQR Code

آئی جی اسلام آباد کے اچانک تبادلے پر چیف جسٹس کا نوٹس

29 Oct 2018 12:01

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں یہ معلوم ہوا ہےکہ کسی وزیر کی سفارش پر آئی جی کا تبادلہ کیا گیا، ہم اداروں کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور پولیس میں سیاسی مداخلت بھی برداشت نہیں کریں گے، قانون کی حکمرانی قائم ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ایک کیس کی سماعت کررہا تھا تو اس دوران چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کا نوٹس لیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے اس معاملے پر سیکریٹری داخلہ اور اٹارنی جنرل کو فوری عدالت طلب کیا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور سیکریٹری داخلہ بتائیں کن وجوہات کی بناء پر آئی جی کو گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں یہ معلوم ہوا ہےکہ کسی وزیر کی سفارش پر آئی جی کا تبادلہ کیا گیا، ہم اداروں کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور پولیس میں سیاسی مداخلت بھی برداشت نہیں کریں گے، قانون کی حکمرانی قائم ہوگی۔ معزز چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی پتا چلا ہےکہ کسی وزیر کے بیٹے کا مسئلہ تھا اس وجہ سے آئی جی کو ہٹایا گیا۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد جان محمد کو اچانک عہدے سے ہٹادیا گیا اور اس سے متعلق اطلاعات سامنے آئیں کہ آئی جی کو ایک وفاقی وزیر کی ہدایت نہ ماننے پر ہٹایا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ 2 دن بعد ہی تبدیل کردیا تھا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا تھا۔ اس کے علاوہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کا بھی اچانک تبادلہ کیا گیا تھا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹس لیا تھا۔

 


خبر کا کوڈ: 758352

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/758352/آئی-جی-اسلام-آباد-کے-اچانک-تبادلے-پر-چیف-جسٹس-کا-نوٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org