QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، اربعین کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

31 Oct 2018 02:26

بعد از نماز مغربین تعزیوں کی برآمدگی کے ساتھ جلوس کی دوسری نشست کا آغاز ہوا۔ مرکزی امام بارگاہ امام حسین (ع) المعروف تھلہ بموں شاہ سے شروع ہونے والی اس نشست کا اختتام امام بارگاہ امام زین العابدین (ع) تھلہ یلہ شاہ پہ ہوا، جلوس کے راستوں میں لنگر غازی عباس (ع) اور نیاز امام حسین (ع) کا وسیع پیمانے پہ اہتمام کیا گیا تھا۔ تعزیوں کے اس مرکزی جلوس کی یہ نشست رات بارہ بجے تھلہ یلہ شاہ پہ اختتام پذیر ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں چہلم امام حسین (ع) (اربعین) کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ اربعین کے مرکزی جلوس کا آغاز سہ پہر مجلس عزاء کے دوران ذوالجناح کی برآمدگی سے ہوا۔ جس کے ساتھ عزاداروں نے زنجیر زنی اور سینہ زنی کے ذریعے بارگاہ امام عالی مقام کی خدمت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ بعد از نماز مغربین تعزیوں کی برآمدگی کے ساتھ جلوس کی دوسری نشست کا آغاز ہوا۔ مرکزی امام بارگاہ امام حسین (ع) المعروف تھلہ بموں شاہ سے شروع ہونے والی اس نشست کا اختتام امام بارگاہ امام زین العابدین (ع) تھلہ یلہ شاہ پہ ہوا، جلوس کے راستوں میں لنگر غازی عباس (ع) اور نیاز امام حسین (ع) کا وسیع پیمانے پہ اہتمام کیا گیا تھا۔ تعزیوں کے اس مرکزی جلوس کی یہ نشست رات بارہ بجے تھلہ یلہ شاہ پہ اختتام پذیر ہوئی۔ تھلہ یلہ شاہ پہ مختصر مجلس عزا ہوئی، جس میں مقامی ذاکرین نے ذکر مصائب بیان کیا۔

جس کے بعد یہ جلوس تعزیوں کے ساتھ انہی راستوں سے گزر کر واپس امام بارگاہ امام حسین (ع) المعروف تھلہ بموں شاہ پہ رات ڈیڑھ بجے اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موجود رہے۔ مجلس و جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کو مکمل سیل کرکے آنے جانے والوں کی جامع تلاشی لی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان کے باوجود موبائل اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال رہی۔ واپڈا کی جانب سے اعلان اور یقین دہانی کے باوجود بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ظہور بابر آفریدی نے کہا تھا کہ چہلم امام حسین (ع) کے پرامن انعقاد کے لئے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام کی طرح چہلم کے دوران بھی تمام مجالس، جلوسوں اور دیگر تقریبات کے لئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اہل تشیع کمیونٹی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 758682

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/758682/ڈی-ا-ئی-خان-اربعین-کا-مرکزی-جلوس-پرامن-طور-پر-اختتام-پذیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org