QR CodeQR Code

خادم رضوی نے سپریم کورٹ کے تینوں ججز کے قتل کا فتویٰ دیدیا

1 Nov 2018 09:53

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ نے اپنے خطاب کے دوران سپریم کورٹ کے تینوں ججز کے قتل کا فتویٰ جاری کر دیا، ججز نے گستاخ رسول کو ریلیف دیا اور اسکی سزا ختم کی، جس پر تینوں ججز واجب القتل ہیں۔ خادم رضوی نے مسلمان فوجی جرنیلوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قادیانی آرمی چیف کیخلاف بغاوت کرکے ٹیک اوور کرلیں۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کی جانب سے توہین رسالت (ص) کیس میں آسیہ مسیح کو رہا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہر شہر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مولانا خادم رضوی اور پیر افضل قادری فیصلے سے پہلے ہی احتجاج کیلئے پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچ چکے تھے۔ سپریم کورٹ نے توہین رسالت (ص) کیس میں آسیہ مسیح کو رہا کر دیا، جس کیخلاف لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم رضوی اور تنظیم کے سرپرست پیر افضل قادری کی قیادت میں کارکنوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دے رکھا ہے۔ خادم رضوی نے اپنے خطاب کے دوران سپریم کورٹ کے تینوں ججز کے قتل کا فتویٰ جاری کر دیا۔ خادم رضوی کا کہنا تھا کہ ججز نے گستاخ رسول کو ریلیف دیا اور اس کی سزا ختم کی، جس پر تینوں ججز واجب قتل ہیں۔

خادم رضوی نے ججز کے قتل کے فتوے کے ساتھ مسلمان فوجی جرنیلوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قادیانی آرمی چیف کیخلاف بغاوت کرکے ٹیک اوور کرلیں اور وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ خادم رضوی نے کہا کہ ہم اس وقت تک دھرنے میں بیٹھے رہیں گے، جب تک سپریم کورٹ اپنا فیصلہ واپس نہیں لے لیتی اور آسیہ مسیح کو پھانسی نہیں دے دی جاتی۔ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت (ص) کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ مسیح کو بری کر دیا۔ عدالت نے آسیہ مسیح کی اپیل پر 8 اکتوبر کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سنایا۔


خبر کا کوڈ: 758756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/758756/خادم-رضوی-نے-سپریم-کورٹ-کے-تینوں-ججز-قتل-کا-فتوی-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org