0
Friday 2 Nov 2018 09:19

حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے، ذرائع تحریک لبیک

حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے، ذرائع تحریک لبیک
اسلام ٹائمز۔ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے والے مظاہرین کی قیادت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔ مظاہرین کی قیادت نے مذاکرات کی ناکامی کے اعلان کے ساتھ ہی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال بھی دے دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ مذاکرات کرنے والوں میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندگان کے علاوہ انٹیلی جنس ایجنسی کے حکام بھی شامل تھے تاہم مذاکرات ناکام ہوگئے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کے نتائج سے متعلق کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا لیکن وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور گجرانوالہ میں کل صبح 8 بجے سے مغرب تک موبائل سروس بند رہے گی۔

تاہم انہوں نے موبائل سروس معطل کرنےکی وجہ بیان نہیں کی جبکہ اس سے قبل انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت مظاہرین سے رابطے میں ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کا استعمال نہ کرنا پڑے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب فیصلہ آنے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں احتجاج شروع کردیا گیا تھا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑکوں کو بلاک کردیا تھا جبکہ متعدد علاقے بند بھی کروادیے تھے، جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا تھا۔ آج بھی مظاہرین اہم شاہراوں پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو دفاتر اور کاروباری مراکز پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر کا کوڈ : 759052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش