0
Friday 2 Nov 2018 10:33

عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔وزیراعظم پاکستان عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی زیاؤپنگ، پاکستان کے لیے چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر برائے تجارتی امور عبدالرزاق داؤد اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018ء میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔وزیراعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور اہم باہمی امور پرتبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شنگھائی میں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران کلیدی خطاب کریں گے۔ پہلی بار منعقد ہونے والے چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مختلف پاکستانی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔ اس عالمی سطح کی نمائش میں وزیراعظم عمران خان مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اس کے ساتھ ان کی چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

پاکستان اور چین کے مابین تاریخی دوستانہ اور قریبی تعلقات قائم ہیں جو دونوں دوست ممالک کے مختلف شعبوں میں مشترکہ اصولوں اور باہمی مفادات پر تعاون پر مبنی ہیں۔ علاقائی امن و استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو پاک چین اقتصادی راہداری CPEC کے منصوبے کے آغاز کے بعد نمایاں وسعت ملی ہے۔ چینی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ چین کے ساتھ پارٹنر شپ پاکستان کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکلنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں مددگار ثابت ہو گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت اقتصادی بحران کے سبب آئی ایم ایف سے رابطوں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک سے تعاون کی خواہاں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین دونوں ممالک کے موجودہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور باہمی شراکت داری کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 759057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب