0
Tuesday 31 May 2011 21:58

وزیراعظم نے ایبٹ آباد واقعہ پر تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دیدیا، جسٹس جاوید اقبال سربراہ مقرر

وزیراعظم نے ایبٹ آباد واقعہ پر تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دیدیا، جسٹس جاوید اقبال سربراہ مقرر
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایبٹ آباد آپریشن کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔ یہ 5 رکنی کمیشن سپریم کورٹ کے سینئر جج مسٹر جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن کے دیگر ممبران میں جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد، ریٹائرڈ آئی جی پولیس عباس خان اور سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی شامل ہیں۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن نرگس سیٹھی کمیشن کی سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی اسپیشل فورسز نے 2 مئی کی رات آپریشن کر کے اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔ جی ایچ کیو نے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈ جوٹنٹ جنرل کی سربراہی میں انکوائری کا حکم دیا لیکن مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اسے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ معاملہ کی تحقیقات کیلئے آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔ بعد ازاں 13 مئی کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں منظور کی گئی متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ ایک اعلیٰ سطح کا کمیشن تشکیل دیا جائے، جو ایبٹ آباد کے واقعہ کی تحقیقات کرے گا۔ اجلاس کے 18 دن بعد وزیراعظم نے بالآخر یہ کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کو یہ مینڈیٹ دیا گیا ہے کہ وہ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کے بارے میں آگاہی حاصل کرے۔ کمیشن 2 مئی کو ایبٹ آباد میں کئے گئے امریکی آپریشن سے متعلق حالات اور حقائق کی تحقیقات کرے گا۔ اگر متعلقہ حکام کی جانب سے کسی کوتاہی کا مظاہرہ کیا گیا ہے تو کمیشن اس کی نوعیت، پس منظر اور اس کے اسباب کا تعین کرے گا۔ کمیشن تحقیقات کی روشنی میں اپنی سفارشات دے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمیشن میں تحقیقات کیلئے ٹائم فریم کا تعین نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 75914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش