0
Sunday 4 Nov 2018 13:31

اسحٰق ڈار کی رہائشگاہ سے مرسیڈیز بینز اور لینڈ کروزر غائب، نیب کا ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے رابطہ

اسحٰق ڈار کی رہائشگاہ سے مرسیڈیز بینز اور لینڈ کروزر غائب، نیب کا ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے رابطہ
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کے گھر سے غائب ہونے والی دو گاڑیوں کا سراغ لگانے کے لئے رابطہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ گلبرگ میں واقع اسحٰق ڈار کی رہائش گاہ سے ایک مرسیڈیز بینز اور ایک لینڈ کروزر غائب ہیں۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے اسحٰق ڈار کو مفرور قرار دینے کے بعد ان کی یہ جائیدادیں پنجاب حکومت کی تحویل میں تھیں، تاہم نیب ٹیم نے ان کے گھر میں ایک کارروائی کے دوران دونوں گاڑیوں کو غائب پایا۔ نیب نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کی تعمیل کے لئے غائب ہونے والی گاڑیوں کا سراغ لگا لیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی اہلیہ نے گذشتہ ماہ عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ گلبرگ میں واقع گھر ان کی ذاتی جائیداد ہے، جس کو ان کے شوہر نے 1980ء میں تحفے میں دیا تھا۔

اسحٰق ڈار اس وقت اپنے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں، جبکہ نیب کی جانب سے ان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے، جہاں مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے انہیں مفرور قرار دیا تھا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 2 اکتوبر سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی قرق شدہ جائیداد کو نیلام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ یہ صوبائی حکومت کی صوابدید ہے کہ وہ اسحٰق ڈار کی جائیداد اپنے پاس رکھے یا نیلام کرے۔ قبل ازیں عدالت میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کی شراکت میں ٹرسٹ کے لاہور اور اسلام آباد میں مختلف نجی بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔
علاوہ ازیں اسحٰق ڈار کے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک گھر اور 4 پلاٹ، وفاقی دارالحکومت میں بھی ان کے 4 پلاٹ ہیں۔دستاویزات میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 3 لینڈ کروزر گاڑیاں، 2 مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ بیرونِ ملک جائیداد کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اسحٰق ڈار کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں 3 فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی ہے اس کے علاوہ بیرون ملک 3 کمپنیوں میں شراکت بھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 759379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش