اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ گرلز ڈگری کالج صدہ کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے لوگ بہتر تبدیلی محسوس کررہے ہیں اور ایف اے، ایف ایس سی میں حالیہ سو فی صد رزلٹ پرنسپل کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک عطاء اللہ جان بنگش، حاجی مسافر گل اورکزئی، موسی خان خوئیداد خیل، محمد عمر منتوال اور دیگر قبائلی عمائدین نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج صدہ کی کارکردگی میں موجودہ پرنسپل کی کوششوں کی وجہ سے تیزی سے بہتری آرہی ہے اور کالج کی بہترین نتائج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کالج کے خلاف نہ صرف منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں بلکہ مختلف طریقوں سے کالج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سال بی اے اور بی ایس سی میں 50 طالبات نے داخلہ لیا ہے اور کالج کی بہتر کارکردگی کے حوالے سے والدین مطمئن ہے۔ قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ قبائلی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گرلز کالج میں مردوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور موجودہ حکومت کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔