QR CodeQR Code

کوئٹہ سیف سٹی منصوبے پر جلد کام کا آغاز ہوگا، سلیم کھوسہ

5 Nov 2018 21:06

کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کے شکار ہونیوالے پولیس آفیسران اور اہلکاروں کے معاوضہ کے حوالے سے پنجاب کیطرز پر قانون بنایا جا رہا ہے، تاکہ انکے لواحقین کو باآسانی انکا معاوضہ مل سکے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سیف سٹی پروجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائیگا۔ کوئٹہ میں بدامنی کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سیف سٹی پروجیکٹ بہت اہم منصوبہ ہے۔ بلوچستان میں پولیس سے سیاسی اثر ورسوخ ختم کر دیا گیا ہے۔ پولیس آزاد ہے، جس کے باعث امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی افواہیں صرف اور صرف جھوٹ پر مبنی ہے۔ وزیراعلٰی جام کمال کی قیادت میں اتحادی حکومت صوبے کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء ولی محمد نورزئی کی رہائش گاہ پر ظہرانہ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کی امن وامان کی صورتحال میں بہتری میں سیف سٹی پروجیکٹ بھرپور کردار ادا کرے گی۔ سیف سٹی پروجیکٹ سے متعلق دو اہم اجلاس ہوئے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کیا جائیگا۔ خفیہ کیمرے نصف ہونے سے بدامنی کی صورتحال پر قابو پا لیا جائیگا۔ بلوچستان میں پولیس اپنے مرضی سے آفیسروں کی ٹرانسفر وپوسٹنگ کرتی ہے، جس کے باعث صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کے شکار ہونیوالے پولیس آفیسران اور اہلکاروں کے معاوضہ کے حوالے سے پنجاب کی طرز پر قانون بنایا جا رہا ہے، تاکہ ان کے لواحقین کو باآسانی ان کا معاوضہ مل سکے۔ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف بہت بڑی قربانی دی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان کے قربانیوں کے بدولت ہی کوئٹہ میں شہری امن کا سانس لے رہے ہیں۔ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ امن وامان کی صورتحال ماضی میں خراب ہوئی، مگر پاک فوج اور دیگر فورسز کی بدولت حالات کو کنٹرول کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر لانا اپوزیشن کا کام ہے، جب تک اپوزیشن لیڈر نہیں ہوگا، اس وقت تک قائمہ کمیٹیاں نہیں بن سکتی۔ بلوچستان اسمبلی میں وزراء کی موجودگی کو ہر صورت ممکن بنائیں گے، کیونکہ ایوان میں قانون سازی کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 759628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/759628/کوئٹہ-سیف-سٹی-منصوبے-پر-جلد-کام-کا-آغاز-ہوگا-سلیم-کھوسہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org