0
Tuesday 6 Nov 2018 21:39

یہود و ہنود کی اسلام کیخلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جے یو پی

یہود و ہنود کی اسلام کیخلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جے یو پی (نورانی)  نے 11 نومبر کو لاہور میں تحفظ ناموسِ رسالت (ص) قومی علماء و مشائخ کنونشن منعقد کرنے کال اعلان کر دیا، جس میں اسلام اور پاکستان کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے قلع قمع کیلئے احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس امر کا اعلان جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو پی پنجاب کی صوبائی عاملہ و مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہود و ہنود کی اسلام کیخلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور پاکستان بنانیوالے علماء و مشائخ کے وارث اس آزاد مملکت کو اسلام کا گہوارہ بناکر دم لیں گے، ہم پاکستان کے تمام آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور مقتدر شخصیات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن تمام اداروں کو آئین پاکستان کی پاسداری اور قرآن و سنت کی پابندی کرنی چاہیے شریعت اسلامیہ پر عمل کرنا ہر چھوٹے بڑے مسلمان پر فرض ہے۔

اس موقع پر پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، پیر غلام رسول اویسی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، پیر سید آغا ذوالفقار شاہ بخاری اور صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی پر مشتمل قومی علماء و مشائخ کنونشن کیلئے رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحفظ ناموس رسالت (ص) کیلئے قربانیاں دینے والے تمام عاشقان رسول (ص) کی ہر قسم کی اخلاقی، قانونی امداد کی جائے گی اور گرفتار عاشقان رسول (ص) کی رہائی کیلئے جے یو پی کے وکلا ء ملک بھر میں متاثرین کو مفت قانونی سہولیات فراہم کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ ربیع الاول شریف کو تحفظ ناموس رسالت(ص) کے طور پر منایا جائے گا اور تمام اجتماعات میں علماء و مشائخ و ثناء خوان مصطفی (ص) اس موضوع پر لوگوں میں آگاہی پیدا کریں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتون کی تحفظ ناموس رسالت (ص) آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ صدر اجلاس صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ایکٹ 295c کو ختم کرنے یا تبدیل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 759792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش