0
Thursday 8 Nov 2018 01:10

آسیہ بی بی کو ویمن جیل ملتان سے رہا کر دیا گیا، راولپنڈی منتقل

آسیہ بی بی کو ویمن جیل ملتان سے رہا کر دیا گیا، راولپنڈی منتقل
اسلام ٹائمز۔ توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ بی بی کو ویمن جیل ملتان سے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آسیہ بی بی کی رہائی کی روبکار آج ہی ملتان جیل حکام کو موصول ہوئی تھی، جس کے بعد اسے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد آسیہ بی بی کو سیسنا طیارے کے ذریعے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010ء میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی، جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔

31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ آسیہ بی بی پر الزام تھا کہ اس نے جون 2009ء میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران نبی اکرم ﷺ کے خلاف توہین آمیز کلمات ادا کئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد نہ صرف شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا بلکہ کئی گاڑیاں بھی نذرآتش کر دی گئیں، احتجاج کے تیسرے روز حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان  معاہدہ طے پایا، جس کے بعد احتجاج اور دھرنا ختم کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 759996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش