0
Thursday 8 Nov 2018 19:52

خیبر پختونخوا کابینہ نے اپر چترال کو ضلع کی منظوری دیدی

خیبر پختونخوا کابینہ نے اپر چترال کو ضلع کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کابینہ نے اپر چترال کو ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سرکاری نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نیلامی، چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ اور فارسٹ آرڈیننس میں ترمیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ ضلع چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ملکیتی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ صوبائی حکومت کے پاس نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کتنی اور کیوں ہیں، کیونکہ سابقہ پاٹا کے علاقہ جات کے علاوہ خیبر پختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر پابندی ہے۔

کابینہ اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی گئی جس کے تحت گھریلو تشدد کے خاتمہ کیلئے بھی سزاؤں کا تعین کر دیا گیا ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے فارسٹ آرڈیننس میں ترمیم کی جائے گی۔ صوبائی کابینہ نے دفتری اوقات کار 9 سے 5 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ چترال کے 2 اضلاع میں تقسیم ہونے کے بعد اپر چترال کیلئے نئے ڈپٹی کمشنر، نئے ڈی پی او اور دیگر انتظامی افسران اور ملازمین کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری اور سوات میں نئے ضلع کے قیام کا اعلان سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کے دور میں کیا گیا تھا تاہم اس پر عملدرآمد میں تاخیر ہوگئی جبکہ اپر سوات کا اعلان تاحال عملدرآمد کا منظر ہے۔ نئے بنے والے ضلع اپر چترال میں مستوج، مورکہو اور تورکہو کی تحصیلیں شامل ہوں گی جبکہ لوئر چترال دروش، چترال اور لوٹ کہو کی تحصیلوں پر مشتمل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 760114
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش