QR CodeQR Code

فاٹا کا انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا، گرینڈ قبائلی جرگہ

9 Nov 2018 11:38

ٓباغ ناراں حیات آباد میں آل فاٹا گرینڈ جرگہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو پشاور، بنوں، سوات اور دیگر اضلاع کے ساتھ ملا کر قبائل کی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے، قبائل کو تقسیم نہ کیا جائے بلکہ تاریخی اور روایتی شناخت کو قائم رکھا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ گرینڈ قبائلی جرگہ نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا۔ قبائلی علاقوں کو پشاور، بنوں، سوات اور دیگر اضلاع کے ساتھ ملا کر قبائل کی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ باغ ناراں حیات آباد میں آل فاٹا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں تمام قبائلی اضلاع کے عمائدین نے شرکت کی۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ضم کرنے کے حوالے سے عمائدین کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ملک میں ہر طبقہ کے ساتھ مذاکرات ہوتے ہیں تو قبائل کے ساتھ کیوں نہیں کئے جاتے؟ قبائلی عمائدین نے پولیس اور پٹواری نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں پولیس اور پٹواری بھیجنے سے پہلے عمائدین سے مسائل کے حوالے سے مشاورت کی جائے اس لئے مہمند اور خیبر میں گذشتہ دنوں کی طرح پولیس کی آمد قبول نہیں اور اگر ایسا دوبارہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

قبائلی عمائدین نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا خود ہم سے مذاکرات کریں لیکن ہم وزیراعلٰی سے مذاکرات نہیں کریں گے کیوں کہ  قبائلی علاقے کو پشاور، بنوں، سوات اور دیگر اضلاع کے ساتھ ملا کر قبائل کی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ قبائل کو تقسیم نہ کیا جائے بلکہ تاریخی اور روایتی شناخت کو قائم رکھا جائے۔ جرگہ نے فاٹا انضمام کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا جبکہ اس انضمام کو چیف جسٹس سپریم کورٹ اور گورنر خیبر پختونخوا نے بھی جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا تھا اس لئے یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔ مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ قبائل کے ساتھ وسیع تر مشاورت کے بعد فاٹا کی آئینی حیثیت میں تبدیلی لائی جائے اور تباہ حال قبائلی علاقوں کی مکمل بحالی تک فاٹا کی آئینی حیثیت میں رد و بدل نہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 760167

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760167/فاٹا-کا-انضمام-جلد-بازی-میں-مشاورت-کے-بغیر-کیا-گیا-گرینڈ-قبائلی-جرگہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org