0
Friday 9 Nov 2018 22:13

میلاد منانا اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولؐ کی علامت ہے، ثروت اعجاز قادری

میلاد منانا اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولؐ کی علامت ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تاجدار ختم نبوت شمع رسالت کے پروانے ولادت محمد مصطفٰیﷺ شایان شان طریقے سے منائینگے، عاشقان رسولﷺ قیامت تک ناموس رسالت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جشن ولادت مناتے رہینگے، سرکار دو عالمﷺ کا جشن ولادت منانا عین اسلام ہے، سبز پرچموں کی بہار امن کا پیغام اور جگمگاتی روشنیاں خوشحالی کا عندیہ ہیں، ہمیں ملک میں رواداری، محبت اور احترام انسانیت کے فلسفے کو پروان چڑھانا ہے، بارود کی بدبو کو درود و سلام کی خوشبو سے ختم کرنا ہے، عاشقان رسول ملک کی سلامتی و بقاء کیلئے کسی بھی قسم قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کی عاشقان رسول کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کے غلام جشن ولادت کے سلسلے میں گلی، محلوں، شاہراہوں کو سبز پرچم اور وردو و سلام سے منور کر دیں، عید میلاد مصطفٰی امن عام کرنے، جہالت اور اقرباء پروری کا خاتمہ اور مظلوموں کو حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ میلاد منانا اللہ عزوجل کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولﷺ کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتﷺ کے شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینگے، ختم نبوت پر جان قربان کرنیوالے شہید کارکنوں اور عاشقان رسول کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا، سنی تحریک کے شہیدوں کے لواحقین کو انصاف اور قاتلوں کو قانونی طور پر منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لادینی طاقتیں بار بار ختم نبوت پر حملہ کرنے کی سازش کرتی ہیں، جسے عاشقان رسول نے ہمیشہ ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر کامل یقین ہی ایمان کی علامت ہے، حکومت جشن عید میلادالنبیﷺ کے جلوس، ریلیوں اور جلسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے تحت 11ربیع النور کو لیاقت آباد ڈاکخانہ سے عظیم الشان میلاد ریلی نکالی جائیگی، غلامان مصطفٰی بھرپور شرکت کریں، درود و سلام کی صداؤں میں جشن صبح بہاراں کا استقبال کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 760227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش