0
Saturday 10 Nov 2018 11:43

علامہ اقبال کا فلسفہ اور سوچ ہر دور کیلئے مشعل راہ ہے، پروفیسر طلعت

علامہ اقبال کا فلسفہ اور سوچ ہر دور کیلئے مشعل راہ ہے، پروفیسر طلعت
اسلام ٹائمز۔ کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ علامہ اقبال (رہ) کا فلسفہ اور سوچ کو ہر دور کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال (رہ) کے نظریات کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں اقبال انسٹیچیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی اور شمع فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے یوم اقبال (رہ) پر ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرفیسر طلعت نے اپنے صدارتی خطبے کے دوران کہا کہ کشمیر یونیورسٹی میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ڈاکٹر اقبال (رہ) کے کلام اور نظریات پر تحقیق کی جارہی ہے تاکہ اس عظیم شاعر کی سوچ اور فلسفہ کو نئی نسل کے ساتھ ساتھ اقوام عالم تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک تحقیق کے حوالے سے جو کام کیا گیا ہے وہ قابل سراہنا ہے لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ علامہ اقبال (رہ) کا پیغام اس قدر وسیع اور گہرا ہے کہ اس بارے میں محقق مزید کئی دہائیوں تک مختلف زاویوں سے اپنی تحقیقات یا ریسرچ جاری رکھ سکتے ہیں۔

پروفیسر طلعت احمد نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر اقبال (رہ) کا کلام صرف شاعری ہی نہیں ہے بلکہ ان کے کلام میں عالم انسانیت کی بھلائی کے لئے پیغام  موجود ہے، جس کو ہم مزید تحقیق کے ذریعے آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر میری یہی کوشش رہے گی کہ علامہ اقبال (رہ) کے نظریات اور فلسفہ کو تحقیق کے ذریعے نوجوان نسل تک پہنچایا جائے۔ کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ ہمیں مختلف شعبوں کے اسکالروں کو کلام اقبال پر ہورہی ریسرچ میں شامل کرنا ہوگا تاکہ شاعر مشرق کی زندگی، سوچ اور فلسفہ و پیغام کو آگے پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال (رہ) کے کلام پر جتنی تحقیق ہوگی، اتنا ہی ہم یہ جان پائیں گے کہ ڈاکٹر اقبال کے کلام میں کیا پیغام ہے۔

اقبال انسٹی چیوٹ آف کلچر و فلاسفی کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر بشیر احمد نحوی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ اقبال (رہ) کے نظریات پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخصیت کے کارناموں پر کام کرکے ہی ہم یہ جان پاتے ہیں کہ اس شخصیت کے کلام میں کیا پیغام اور کیا فکر چھپی ہے۔ یک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل یونیورسٹی کے شعبہ برائے مذہبی تعلیمات کے سربراہ اور شمع فائونڈیشن کے ٹرسٹی پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال (رہ) کا صنف نازک کے حوالے سے نظریہ واضح تھا اور وہ حوا کی بیٹی کے اصل وقار کو اپنے کلام میں بار بار اجاگر کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اقبال (رہ) نے اپنے کلام کے ذریعے اقوام عالم کو یہ پیغام دیا ہے کہ دنیا کی سماجی ترقی میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا بھی اہم رول ہے۔ یک روزہ سیمینار کے دوران پروفیسر بشیر احمد نحوی کی تصنیف ’’سرحد ادراک اور دفاع اقبال (رہ)‘‘ کی رسم رونمائی پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی نے انجام دی۔
خبر کا کوڈ : 760277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش